پنجاب بھر میں دیوالی کی سرکاری تقریبات ہندو برادری میں گرانٹس اور امدادی چیکس تقسیم

لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر لاہور سمیت صوبے بھر میں دیوالی کی تقریبات سرکاری سطح پر منعقد کی گئیں، جن میں ہندو برادری کو مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ مستحق افراد میں حکومتی گرانٹس اور امدادی چیکس بھی تقسیم کیے گئے لاہور میں منعقدہ مرکزی تقریب کا افتتاح سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ایڈوائزر ٹو وزیراعلیٰ علی مصطفیٰ ڈار اور صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کے ہمراہ دیوالی کا دیا روشن کرکے کیا اس موقع پر دیوالی کا کیک بھی کاٹا گیا مریم اورنگزیب نے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور اپنی جانب سے ہندو برادری سمیت دنیا بھر میں دیوالی منانے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دیوالی خوشیوں، روشنیوں، محبت اور امید کا تہوار ہے پنجاب میں تمام مذاہب کے شہری مکمل مذہبی آزادی، تحفظ اور احترام کے ساتھ اپنے تہوار منا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کے افراد بھی برابر کے پاکستانی ہیں اور انہیں ملک کے تمام وسائل، مواقع اور ترقیاتی منصوبوں میں مساوی حقوق حاصل ہیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کوئی منصوبہ سماجی مساوات اور تمام شہریوں کی شمولیت کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔ عید، بیساکھی اور دیوالی سمیت تمام مذہبی تہواروں پر یکساں خوشیاں اور گرانٹس تقسیم کی جا رہی ہیں جبکہ پہلی مرتبہ تحصیل اور ضلعی سطح پر بھی اقلیتی تہوار سرکاری طور پر منائے جا رہے ہیںسینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ اڑھائی برس کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں ترقی، روشنی اور محبت کے بے شمار چراغ روشن کیے ہیں۔ وہ عوام کی فلاح و بہبود، بچوں کی صحت، ماحولیات اور سفری سہولتوں سمیت مختلف شعبوں میں جاری منصوبوں کی خود نگرانی کر رہی ہیں۔صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اقلیتی برادری کو اپنے سر کا تاج قرار دیا ہے اور ان کی حکومت مذہبی آزادی، تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تاریخی مندروں اور دیگر مذہبی ورثے کی بحالی کا کام جاری ہے، 50 گوردواروں اور 100 گرجا گھروں کی بحالی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ عبادت گاہوں تاریخی عمارتوں شمشان گھاٹوں اور قبرستانوں کی تزئین و آرائش بھی کی جا رہی ہے رمیش سنگھ اروڑہ کے مطابق اقلیتی برادری کے لیے ایک لاکھ مینارٹی کارڈز تقسیم کیے جا چکے ہیں، جن میں 20 ہزار کارڈز خواتین کو دیے گئے ہیں۔ پنجاب میں چھ اقلیتی مذہبی تہوار سرکاری سطح پر منائے جا رہے ہیں جبکہ اقلیتی نوجوانوں کو سول سروسز میں آگے لانے کے لیے تربیت اور مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے سوشل ہارمنی کے فروغ اور مذہبی منافرت کے خاتمے کے لیے حکومتی اقدامات کو بھی اجاگر کیا انہوں نے کرتارپور راہداری منصوبے کو تاریخی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے دور میں یہ منصوبہ مکمل ہوا، جس کے لیے سکھ برادری نے 74 سال انتظار کیا ان کا کہنا تھا کہ مذہبی ورثے کو محفوظ بنا کر آنے والی نسلوں کے حوالے کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ایڈوائزر ٹو وزیراعلیٰ علی مصطفیٰ ڈار نے کہا کہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے وژن کا علمبردار ہے۔ پاکستان ہم سب کا مشترکہ وطن ہے اور اس کی ترقی امن اور خوشحالی میں ہر شہری کا کردار اہم ہے تقریب کے اختتام پر ہندو برادری کے نمائندوں اور دیگر شرکاء نے دیوالی کی خوشیاں منائیں جبکہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے مستحق افراد میں حکومتی گرانٹس اور امدادی چیکس تقسیم کیے۔








