فیڈرل کانسٹیبلری کے سپیشل پروٹیکشن اور اینٹی رائٹ ونگ کے پہلے بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

شبقدر، چارسدہ ( آصف اقبال ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فیڈرل کانسٹیبلری میں آنے والی تبدیلیوں کے عملی نمائندے آج پاس آؤٹ ہونے والے جوان ہیں، جو ایک نئے دور کے پہلے سپاہی ہیں۔ اس نئے دور کی بنیاد ذمہ داری، واضح سمت، جدید تقاضوں اور قومی خدمت کے جذبے پر رکھی گئی ہے شبقدر ٹریننگ سینٹر چارسدہ میں فیڈرل کانسٹیبلری کے سپیشل پروٹیکشن ونگ اور اینٹی رائٹ ونگ کے پہلے بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی تھے۔ تقریب میں تاریخ میں پہلی مرتبہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے 35 خواتین سمیت مجموعی طور پر 983 جوانوں نے تربیت مکمل کرکے پاس آؤٹ کیا وفاقی وزیر داخلہ نے پریڈ کا معائنہ کیا اس موقع پر چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی محسن نقوی نے سپیشل پروٹیکشن ونگ اور اینٹی رائٹ ونگ کی پیشہ ورانہ تربیت کے عملی مظاہرے بھی دیکھے اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کیے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور تربیت کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ شاندار پریڈ نے ثابت کیا ہے کہ تمام جوان متحد، منظم اور اپنے مشن کے لیے پوری طرح تیار ہیں ان کی کارکردگی نہ صرف عملی تربیت بلکہ عزم، حوصلے اور ملک کی خدمت کے جذبے کی بھی عکاسی کرتی ہے انہوں نے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری، جو پہلے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے نام سے جانی جاتی تھی، ایک صدی سے زائد تاریخ رکھنے والی فورس ہے، جو اپنے ورثے، روایات اور کردار کے باعث ہمیشہ نمایاں رہی ہے۔ اس فورس نے بدلتے ہوئے ملکی حالات اور سکیورٹی چیلنجز کے مطابق خود کو ڈھالا ہے اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں، سرکاری تنصیبات اور قومی منصوبوں کی حفاظت سمیت امن و امان کے قیام میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاس آؤٹ ہونے والے جوان پہلی مرتبہ وفاقی حکومت کے لیے سپیشل پروٹیکشن ونگ اور اینٹی رائٹ ونگ کا حصہ بن رہے ہیں، جو ان کے لیے ایک تاریخی ذمہ داری ہے۔ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، تحمل، نظم و ضبط اور فیصلہ سازی کا معیار حساس حالات میں امن و امان برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا ان کا ہر عمل ریاست کے وقار، قانون کی بالادستی اور عوام کے اعتماد کی نمائندگی کرے گامحسن نقوی نے بتایا کہ جوانوں کی تربیت اور سہولیات بہتر بنانے کے لیے وزارت داخلہ نے عملی اقدامات کیے ہیں ایف سی ٹریننگ اکیڈمی شبقدر میں 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے جبکہ جدید سوئمنگ پول کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔ اس کے علاوہ جوانوں کو عربی اور انگریزی زبانوں کے کورسز بھی کروائے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ سرکاری تنصیبات کی حفاظت اور مشکل حالات میں امن و امان کی بحالی کے دوران ہمیشہ ثابت قدمی، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا ہے اب اس فورس کے نئے جوانوں کا عمل اور رویہ اصلاحات کو عملی حقیقت میں تبدیل کرے گا وفاقی وزیر داخلہ نے انسپکٹر جنرل فیڈرل کانسٹیبلری اور ان کی پوری ٹیم کو شاندار پریڈ اور جوانوں کی اعلیٰ تربیت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب ان کی محنت قیادت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے آخر میں محسن نقوی نے پاس آؤٹ ہونے والے تمام جوانوں کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ عزت، ایمانداری اور ذمہ داری کے ساتھ ملک کی خدمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آپ پر فخر ہے۔








