پنجاب اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان 2029ء پیش، صنعت و حکومت کی شراکت داری سے معاشی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا مریم اورنگزیب

لاہور ( آصف اقبال ) سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے تین سالہ پنجاب اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان 2026ء تا 2029ء پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صنعت اور حکومت کے درمیان شراکت داری کے تصور کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عملی شکل دی جا رہی ہے، پیوٹ (PIVOT) دراصل سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے معاشی وژن کو آگے بڑھانے کا عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے علاوہ سندھ، خیبرپختونخوا اور دیگر علاقوں سے آنے والے صنعتکاروں کے اعتماد کا خیرمقدم کرتے ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صنعتکاروں کے اعتماد کی بحالی کے لیے صوبے میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا ہے، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں دہشت گردی کا خاتمہ کرکے صنعتکاروں کو سازگار ماحول فراہم کیا اور بجلی و گیس کے ٹیرف میں کمی کی، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اپنے اختراعی اقدامات کے ذریعے روایتی طرز حکمرانی کے تصورات کو چیلنج کر رہی ہیں، گزشتہ ڈھائی سال کے دوران پنجاب کا کوئی شعبہ ایسا نہیں جو ترقی کے سفر میں پیچھے رہ گیا ہو، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے پنجاب میں پیوٹ (PIVOT) کی لانچنگ کو سراہتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا، ممتاز صنعتکار میاں منشا نے پنجاب میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کو قابل تحسین قرار دیا، جبکہ معروف صنعتکار عارف حبیب نے لاہور سی بی ڈی ون میں پاکستان کی بلند ترین عمارت تعمیر کرنے کا اعلان کیا، جو پنجاب میں سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ پر کاروباری طبقے کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔








