مریم نواز نے 906 ارب کی نجی سرمایہ کاری اور 1 لاکھ 62 ہزار ملازمتوں کے ہدف کے ساتھ PIVOT پلان لانچ کردیا

لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں جامع اقتصادی تبدیلی، صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تین سالہ پنجاب اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان 2026-2029 (PIVOT) کا باضابطہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے PIVOT کے لیے STEP پورٹل بھی لانچ کیا۔ منصوبے کا مقصد لاکھوں خاندانوں کی زندگیوں میں معاشی بہتری لانا، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور پنجاب کو برآمدات پر مبنی مضبوط معیشت میں تبدیل کرنا ہے۔تقریب میں گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد، پاکستان بزنس کونسل کے ارکان، ملک کے ممتاز سرمایہ کاروں اور نمایاں صنعت کاروں نے شرکت کی۔ صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں نے PIVOT کے اجرا کا خیرمقدم کرتے ہوئے منصوبے کی کامیابی کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے PIVOT کے ارتقائی مراحل پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں PIVOT سیکرٹریٹ قائم کیا جائے گا، جبکہ چیف سیکرٹری آفس میں بھی خصوصی PIVOT سیل بنایا جائے گا۔ ہر ضلع میں متعلقہ ڈپٹی کمشنر اس پروگرام کے فوکل پرسن ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ محض چھ ماہ میں PIVOT کے تصور کو عملی شکل دینا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کی کامیابی ہے۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے تین سالہ پنجاب اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان 2026-2029 پیش کرتے ہوئے کہا کہ صنعت اور حکومت کے درمیان شراکت داری کے تصور کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عملی شکل دی جا رہی ہے۔ پنجاب کے علاوہ سندھ، خیبرپختونخوا اور دیگر علاقوں سے آنے والے صنعت کاروں کے اعتماد کا خیرمقدم کرتے ہیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صنعت کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے صوبے میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا ہے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے دور میں دہشت گردی کا خاتمہ کرکے صنعت کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا اور بجلی و گیس کے ٹیرف میں کمی کی۔ PIVOT دراصل محمد نواز شریف کے وژن کو آگے بڑھانے کا عمل ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اپنے اختراعی اقدامات سے روایتی طرز حکمرانی کے تصورات کو چیلنج کر رہی ہیں، گزشتہ ڈھائی سال کے دوران پنجاب کا کوئی شعبہ ایسا نہیں جو ترقی کے سفر میں پیچھے رہ گیا ہو گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے پنجاب میں PIVOT کی لانچنگ کو سراہا، جبکہ ممتاز صنعت کار میاں منشا نے پنجاب میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کو خوش آئند قرار دیا۔معروف صنعت کار عارف حبیب نے لاہور سی بی ڈی ون میں پاکستان کی بلند ترین عمارت تعمیر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو PIVOT جیسے پروگرام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف میں محمد نواز شریف کی جھلک نظر آتی ہے اور وہ 1991 سے محمد نواز شریف کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔صنعت کار فواد مختار نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے PIVOT کے ذریعے ہر چیز کو مناسب اور بہتر انداز میں پیش کیا ہے، یہ منصوبہ صرف پنجاب نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مستقبل ہے۔ زید بشیر نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے خیرمقدمی اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بزنس کونسل وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا ساتھ دے گی۔ عثمان خالد وحید نے نجی شعبے پر اعتماد کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے خطاب میں منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ PIVOT کے تحت تین سال میں 10 لاکھ افراد کی زندگیوں میں یقینی بہتری لائی جائے گی اور ان کا معیار زندگی بلند ہوگا، جبکہ ایک لاکھ 62 ہزار اضافی روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ منصوبے سے پنجاب کی برآمدات میں 6.8 ارب ڈالر اضافہ اور 906 ارب روپے کی نجی سرمایہ کاری متوقع ہے انہوں نے بتایا کہ PIVOT کے تحت حکومتی سرمایہ کاری تقریباً 1,089 ارب روپے ہوگی، جبکہ نجی شعبہ 906 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گا۔ پنجاب کے صنعتی شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے 753.7 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ منصوبے کے ذریعے صنعت، زراعت، سیاحت، ہنرمندی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں معاشی انقلاب برپا کیا جائے گا وزیراعلیٰ نے کہا کہ PIVOT کا مقصد صوبے بھر میں نئے اقتصادی مواقع پیدا کرنا، صنعتی ترقی کو تیز کرنا، برآمدات بڑھانا اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پنجاب کی جانب راغب کرنا ہے۔ منصوبے سے پنجاب کو جدید مینوفیکچرنگ، بین الاقوامی معیار کی مصنوعات اور برآمدات پر مبنی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری تک محدود رسائی، صنعتی انفراسٹرکچر کی کمزوری، ہنرمند افرادی قوت کی کمی، ریگولیٹری پیچیدگیوں اور توانائی کی زیادہ لاگت جیسے مسائل کو PIVOT کے ذریعے حل کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے رعایتی مالی سہولیات، صنعتی علاقے، کلسٹر انفراسٹرکچر اور کاروبار دوست سہولیات فراہم کی جائیں گی وزیراعلیٰ کے مطابق STEP فنانسنگ پروگرام کے تحت صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ کے لیے صنعتی منصوبوں کو صفر سے پانچ فیصد شرح سود پر 300 ارب روپے کے رعایتی قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ مشینری ڈیوٹی کی واپسی، سولر توانائی اور بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم (BESS) کی سہولت بھی منصوبے کا حصہ ہوگی زرعی شعبے میں ویلیو ایڈیشن کے فروغ کے لیے سرگودھا، خانیوال، اوکاڑہ اور بھکر میں چار ایگرو پروسیسنگ پارکس قائم کیے جائیں گے، جہاں پھلوں کی پراسیسنگ، کولڈ اسٹوریج، گریڈنگ اور دیگر ویلیو ایڈڈ سرگرمیوں میں سرمایہ کاری کی سہولت فراہم ہوگی۔ ان پارکس سے کسانوں کو منڈیوں تک بہتر رسائی ملے گی اور زرعی پیداوار کی قدر میں اضافہ ہوگا مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی موجودہ صنعتی ویلیو چین کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جس میں ملبوسات، کھیلوں کا سامان، چمڑے اور جوتوں کی صنعت، ادویات، پنکھوں اور سرامکس کے شعبے شامل ہیں۔ ان صنعتوں میں ٹیکنالوجی کی بہتری اور عالمی برآمدی منڈیوں تک رسائی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے زرعی ترقی کے لیے جدید فارم میکانائزیشن، بہتر ذخیرہ کاری، گوشت اور ڈیری پراسیسنگ، بیماریوں کی روک تھام اور کسانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ ایکوافارمنگ کے تحت جھینگوں کی افزائش، ماہی گیری کے انفراسٹرکچر اور برآمدی پیداوار میں اضافے کے منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے سیاحت کے شعبے میں تاریخی اور مذہبی مقامات، تفریحی سہولیات اور سیاحتی سرکٹس میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔ منصوبے میں لاہور کی نائٹ اکانومی، پوٹھوہار، چولستان اور دیگر سیاحتی مقامات کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو مقامی صنعتوں کی ضروریات اور عالمی لیبر مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جائے گا۔ PIVOT کے تحت تین سال میں 402,060 افراد کو تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ جدید ڈیجیٹل مہارتوں، آئی ٹی انٹرن شپ، بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرٹیفکیشنز، اسٹارٹ اپ انکیوبیشن اور کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ منصوبے میں اقتصادی اصلاحات کو بھی بنیادی اہمیت دی گئی ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، صنعتی اراضی کی پالیسی اور لیبر قوانین کو کاروبار دوست بنایا جائے گا۔ سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے اور شفاف نگرانی کے نظام کے ذریعے سرمایہ کاری کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب کاروباری برادری، مالیاتی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ PIVOT کا بنیادی مقصد سرمایہ کاری میں اضافہ، برآمدات کو مضبوط بنانا، بامقصد روزگار پیدا کرنا اور پنجاب میں پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔








