Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

پنجاب اور سپین کے درمیان کاروباری، ثقافتی اور ماحولیاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور (آصف اقبال) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپین کے سفیر کارلوس ارگون گل ڈی لا سرنا نے ملاقات کی، جس میں پنجاب اور سپین کے درمیان تجارتی و کاروباری روابط، ماحولیاتی تعاون، ثقافت، فنون لطیفہ اور کھیل کے شعبوں میں اشتراک کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سپین کے سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے ان کی سفارتی خدمات کو سراہا اور فٹ بال ورلڈ کپ میں سپین کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ سپین کے سفیر نے وزیراعلیٰ پنجاب کا خیرمقدم اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں سپین اور پنجاب کے درمیان تجارتی و کاروباری مواقع بڑھانے کے لیے پنجاب سپین بزنس کونسل کے قیام کی تجویز پر غور کیا گیا۔ فاریسٹ فائرز، فضائی آلودگی اور ہیٹ ویوز جیسے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز بھی زیر بحث آئی۔مریم نواز شریف نے لاہور اور بارسلونا کو سسٹر سٹیز قرار دینے کے امکانات کا جائزہ لینے، جبکہ ثقافت اور فنون لطیفہ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات میں سپین کی معروف فٹ بال لیگ لا لیگا کے تعاون سے لاہور میں کوچز اور فٹ بالرز کے لیے پائلٹ فٹ بال اکیڈمی کے قیام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فلسطین کو تسلیم کرنے کے سپین کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سپین سے آنے والے تجارتی اور ثقافتی وفود کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ انہوں نے سپین کے سفیر اور کاروباری وفود کو سیالکوٹ اور لاہور کے دورے کی دعوت بھی دی۔مریم نواز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز اور سموگ سے نمٹنے کے لیے سپین کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، جبکہ بارسلونا کی اربن پلاننگ کے ذریعے سڑکوں اور عوامی مقامات کو عوام دوست بنانے کے تجربے سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button