Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

قومی مسائل کا حل سیاسی مکالمے اور آئینی طریقہ کار میں ہے ملک محمد احمد خاں

لاہور (آصف اقبال) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ قومی مسائل کے حل، جمہوری استحکام اور بہتر طرز حکمرانی کے لیے سیاسی مکالمے، آئینی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو مضبوط بنانا ہوگا۔ سیاسی اختلافات کے باوجود باہمی مشاورت اور مکالمے کا راستہ ہر صورت کھلا رہنا چاہیے۔لاہور کی ایک نجی یونیورسٹی کے زیر اہتمام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ریاستی اداروں کو اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں، جبکہ قومی معاملات کو آئینی اور پارلیمانی طریقہ کار کے تحت آگے بڑھانا ضروری ہے۔ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ منتخب نمائندگی کو مؤثر بنانے کے لیے مقامی حکومتوں کو مناسب اختیارات اور ذمہ داریاں دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مؤثر مقامی ادارے عوامی مسائل کے حل اور طرز حکمرانی میں بہتری کے لیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس کے لیے شفافیت، جوابدہی اور مؤثر انتظامی نظام بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ اداروں کی استعداد کار بہتر بنانے اور عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ضروری اصلاحات کی جانی چاہئیں۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پارلیمان قومی معاملات پر بحث، مشاورت اور قانون سازی کا بنیادی فورم ہے، اس لیے پارلیمان کے آئینی اختیار اور ادارہ جاتی توازن کا احترام ناگزیر ہے۔ اختلاف رائے جمہوری نظام کا لازمی حصہ ہے، تاہم اختلافات کو تصادم کے بجائے مکالمے، مشاورت اور آئینی طریقہ کار کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش پیچیدہ سیاسی، معاشی اور سماجی مسائل کے حل کے لیے اجتماعی سوچ اور سنجیدہ سیاسی مکالمے کی ضرورت ہے۔ قومی سلامتی، امن، ترقی اور جمہوری استحکام کے لیے آئینی اصولوں، قانون کی حکمرانی اور مؤثر عوامی نمائندگی کو بنیادی اہمیت دینا ہوگی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button