مریم نواز کو یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ کے لیے مسقط مدعو کر لیا گیا

لاہور (آصف اقبال) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ 2026 کی تقریب میں شرکت کے لیے مسقط مدعو کر لیا گیا۔ عالمی یومِ رہائش کے موقع پر عمان کے کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنی چھت اپنا گھر پروگرام پر سکرول آف آنر ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر اقوام متحدہ کے ہیومن سیٹلمنٹ پروگرام سے متعلق اہم بین الاقوامی اعزاز ہے، جو سستی اور مناسب رہائش، پائیدار شہری ترقی، بنیادی شہری سہولتوں میں بہتری، شہری تعمیر نو اور قدرتی آفات کے بعد بحالی جیسے شعبوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں افراد، شہروں، حکومتوں، سرکاری اداروں، سول سوسائٹی، نجی تنظیموں، تحقیقی اداروں اور منصوبوں کو دیا جاتا ہے۔پنجاب حکومت کے مطابق اپنی چھت اپنا گھر پروگرام یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ 2026 کے لیے منتخب منصوبوں میں شامل ہے۔ پاکستان کے علاوہ میانمار، برازیل، تیونس اور انگلینڈ/لندن کو بھی اس اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے لیے خصوصی دعوت پر ایوارڈ تقریب میں شرکت کریں گی۔ انہوں نے یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ پنجاب کے بے گھر افراد کے نام کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز پنجاب کے بے گھر افراد کے لیے ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کا بہترین لو کاسٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم آمدنی والے خاندانوں کو اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔پنجاب حکومت کے مطابق یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ گزشتہ 37 برس سے جاری ہے اور اب تک تقریباً 200 اعزازات دیے جا چکے ہیں۔ پاکستان میں اس سے قبل 2007 میں ایرا کے ڈپٹی چیئرمین نے یہ ایوارڈ وصول کیا تھا۔



