بپاشا باسو کے سابق بوائے فرینڈ ڈینو موریا کو گرفتار کرلیا گیا

بالی ووڈ اداکار ڈینو موریا کو ممبئی پولیس کے اکنامک آفنسز ونگ نے میٹھی ندی سے گاد نکالنے اور اس کی بحالی کے کام میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے کیس میں گرفتار کرلیا۔’مڈ ڈے‘ کی رپورٹ کے مطابق 50 سالہ اداکار کو 2 اکتوبر 2026 کو باندرہ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر تقریباً آٹھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کے بعد حراست میں لیا گیا۔ یہ مقدمہ میٹھی ندی کی صفائی اور بحالی سے متعلق منصوبے میں مبینہ دھاندلی سے جڑا ہے، جس کے باعث بی ایم سی کو مبینہ طور پر 65.54 کروڑ بھارتی روپے کا نقصان ہوا۔اکنامک آفنسز ونگ کی تحقیقات کا دائرہ صرف ایک فریق تک محدود نہیں بلکہ ٹھیکیداروں، درمیانی افراد اور شہری انتظامیہ کے بعض عہدیداروں سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تفتیش میں ٹھیکے دینے اور ان کے عوض ادائیگیوں کے طریقہ کار کو بھی شامل کیا گیا ہے۔’راز‘ کے اداکار ڈینو موریا کا نام اس معاملے میں گزشتہ کچھ عرصے سے سامنے آتا رہا ہے۔ جون 2025 میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ان کی رہائش گاہ پر تقریباً 14 گھنٹے تک تلاشی لی تھی۔ اسی کارروائی کے دوران ممبئی اور کوچی میں مزید 14 مقامات پر بھی بیک وقت چھاپے مارے گئے تھے، جن میں موریا کے بھائی کا گھر اور مبینہ طور پر ٹھیکیداروں و درمیانی افراد سے منسلک مقامات شامل تھے۔



