Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

پنجاب کی پہلی پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم ، 5 ارب کے بلاسود قرضے جاری ہوں گے: مریم نواز

لاہور (آصف اقبال، اردو ٹائم یو ایس اے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں پہلے پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کا آغاز کردیا اور بلاسود قرضے حاصل کرنے والے 10 کاروباری افراد میں چیک تقسیم کیے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کاروباری افراد سے ملاقات کی اور پنک سالٹ سے تیار کی جانے والی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنک سالٹ کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کو دنیا بھر میں پاکستان کے نام سے متعارف کرانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام مال نہیں بلکہ پاکستان کا برانڈڈ پنک سالٹ فروخت کیا جائے گا۔ انہوں نے پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کے تحت مزید لوگوں کو بلاسود قرضے جاری کرنے کی ہدایت بھی کی۔صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز شیر علی گورچانی اور سیکرٹری معدنیات نے وزیراعلیٰ کو سکیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کے تحت مجموعی طور پر 5 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ ایک کاروبار کے لیے 5 کروڑ روپے تک قرضہ دیا جائے گا۔ قرضوں پر عائد انٹرسٹ کی مد میں حکومت پنجاب 1.456 ارب روپے ادا کرے گی۔بریفنگ کے مطابق قائدآباد میں 110 ایکڑ پر قائم پنک سالٹ پراسیسنگ یونٹ کو خصوصی صنعتی کلسٹر کے طور پر ترقی دی گئی ہے، جہاں پنک سالٹ منرل پروسیسنگ زون میں 200 ویلیو ایڈیشن یونٹس قائم کیے جائیں گے۔ ان یونٹس کے ذریعے 10 ہزار سے زائد افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہونے اور برآمدات میں اضافے کی توقع ہے۔وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ پنک سالٹ کی برانڈنگ، پیکنگ، مارکیٹنگ اور جدید پراسیسنگ کو متعارف کرانے کے لیے ماڈل ریٹیل آؤٹ لیٹ بھی قائم کیا گیا ہے۔ ویلیو ایڈیشن، برانڈنگ اور نئی مصنوعات کے ذریعے پنک سالٹ کی برآمدات کو سالانہ 300 ملین ڈالر تک بڑھانے کی گنجائش موجود ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پنک سالٹ پاکستان کی انفرادیت اور قیمتی معدنی اثاثہ ہے۔ نمک ہمارا ہے، مزدوری ہماری ہے لیکن اس کا فائدہ دوسرے ممالک اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سے پنک سالٹ کوڑیوں کے بھاؤ خرید کر دنیا میں سونے کے مول فروخت کیا جاتا رہا، اب ایسا نہیں ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنک سالٹ پاکستان کا معدنی خزانہ ہے اور یہ پہاڑوں میں چھپے سونے کے مترادف ہے۔ حکومت پنجاب کا مقصد عالمی مارکیٹ میں خام مال کے بجائے پاکستان کا برانڈڈ اور ویلیو ایڈڈ پنک سالٹ متعارف کرانا ہے تاکہ اس معدنی دولت کا زیادہ سے زیادہ فائدہ ملک اور صوبے کے عوام کو پہنچ سکے۔انہوں نے کہا کہ پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کے ذریعے نئے اسٹارٹ اپس شروع کرنے والے نوجوانوں کی معاونت کی جائے گی جبکہ پنجاب میں تیار ہونے والی ویلیو ایڈڈ پنک سالٹ مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک رسائی دلانے میں بھی حکومت معاونت کرے گی۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ماضی میں سیاسی لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے ٹھیکے دے کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا، اب قدرتی وسائل سے حاصل ہونے والا فائدہ عوام تک پہنچانا ضروری ہے۔ پنجاب کے معدنی وسائل عوام کی ملکیت ہیں اور ان سے حاصل ہونے والے معاشی فوائد بھی پنجاب کے عوام کو ملنے چاہئیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پانچ دریاؤں میں بہنے والے ’’پلسر گولڈ‘‘ سمیت پنجاب کے قدرتی وسائل سے صوبے کے عوام کو فائدہ پہنچنا چاہیے۔ حکومت پنجاب معدنی وسائل کو جدید ٹیکنالوجی، ویلیو ایڈیشن اور برانڈنگ کے ذریعے معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع میں تبدیل کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ سکیم کے تحت بلاسود قرضے حاصل کرنے والے کاروباری افراد نے منصوبے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے کاروبار اور برآمدات کے فروغ کے لیے حکومت پنجاب کا اہم اقدام قرار دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button