
اسرائیل اور امریکا نے ایران کے دارالحکومت تہران میں فضائی حملہ کردیا ہے جس کے بعد ہنگامی سائرن بجا دیے گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ اسرائیل اور امریکا نے ایران پر مشترکہ حملہ کیا ہے۔ حملے میں امریکی فضائیہ نے حصہ لیا۔ حملے کے بعد تہران میں 3 شدید دھماکوں کی آواز سنی گئی۔ایران کے بوشہر پر بھی اسرائیلی اور امریکی حملوں کی خبریں ہیں جبکہ حملوں کے بعد ایرانی نیوی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔علاوہ ازیں تقریباً 20 امریکی اور اسرائیلی فائٹر جیٹس شامی علاقے دارا کے اوپر پرواز کرتے ہوئے ایران کی جانب جارہے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ہنگامی بیان میں کہا گیا کہ امریکی افواج نے ایران کیخلاف وسیع آپریشن ’ایپک فیوری‘ کا آغاز کردیا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران دہائیوں سے امریکی مردہ باد کے نعرے لگاتا رہا اور خطے میں امریکی مفادات پر حملے کا ذمہ دار بھی ایران ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ایران کی بحریہ کو مکمل تباہ کرنے جارہے ہیں۔ اس آپریشن میں امریکی فوجیوں کی جانیں بھی جاسکتی ہیں۔ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے نہیں دیں گے اور ایرانی میزائل پروگرام مٹا دیں گے۔ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ پاسدارانِ انقلاب اگر ہتھیار ڈال دے تو مکمل استثنٰی ملے گا۔ اگر ایسا نہ کیا تو یقینی موت کا سامنا ہوگا۔ ایران برسوں سے امریکی اہداف پر حملے کرتا رہا۔ امریکی کسی انتہا پسند حکومت کو پروان نہیں چڑھنے دے گا۔اسرائیلی دفاعی اہلکار کا کہنا ہے کہ اس حملوں کی منصوبہ بندی مہینوں پہلے سے جاری تھی اور تاریخ کا بھی فیصلہ ہفتوں پہلے کیا گیا۔ یہ حملے امریکا کے ساتھ مِل کر کیے گئے ہیں۔ یہ حملے پیشگی حملے ہیں جس کا مقصد ایران کی طرف سے فوری خطرے کو کم کیا جاسکے۔ چار روز تک شدید اور مربوط حملے کیے جائیں گے جس کے بعد تہران کی صورتحال تبدیل ہوجائیگی۔



