
ابوظبی: قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ نے ثابت کردیا ہے کہ خلیجی عرب ممالک کو اپنی سیکیورٹی کے لیے صرف امریکا کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پر انحصار نہیں کرنا چاہیے۔ابوظبی میں ہیلی فورم کے ایک پینل سے خطاب کرتے ہوئے ماجد الانصاری نے کہا کہ خطے میں عالمی طاقتوں کی موجودگی اور امریکا کے ساتھ اسٹریٹجک اتحاد اہم ضرور ہے لیکن یہ خلیجی ممالک کی مکمل سیکیورٹی کے لیے کافی نہیں۔قطری عہدیدار کے مطابق خلیجی ممالک کے لیے مستقبل کا راستہ سیکیورٹی کے شعبے میں زیادہ خودکفالت حاصل کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حالیہ جنگ سے یہ سبق ملا ہے کہ خطے کو اپنی دفاعی اور سیکیورٹی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔ماجد الانصاری کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع نے خلیج میں سیکیورٹی، بحری آمدورفت اور علاقائی استحکام کے حوالے سے خدشات بڑھا دیے ہیں۔ان کے مطابق امریکا کے ساتھ دفاعی تعلقات اپنی جگہ اہم ہیں، تاہم خلیجی ممالک کو اپنی سیکیورٹی ضروریات پوری کرنے کے لیے مقامی اور علاقائی دفاعی تعاون اور خود انحصاری پر بھی توجہ دینا ہوگی۔



