زمین اور چاند کے درمیان ممکنہ تنازعات سے متعلق اہم انکشاف

چینی ایرو اسپیس محققین نے مستقبل کے تنازعات کے زمین اور چاند کے درمیانی خلائی خطے (جسے سیسلونر اسپیس کہا جاتا ہے) تک پھیلنے کے امکانات کا جائزہ لیا ہے۔جرنل آف کمانڈ اینڈ کنٹرول میں شائع ہونے والی تحقیق میں ایسے ممکنہ منظرناموں کا تصور پیش کیا گیا ہے جن میں حریف خلائی جہاز ایک دوسرے کا تعاقب یا ڈاج کر سکتے ہیں، دفاعی نظاموں سے بچ نکل سکتے ہیں اور اہم خلائی راستوں کو روکنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔محققین کے مطابق چاند کے گرد پیچیدہ کششِ ثقل کے ماحول سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خلائی جہاز ایسے مقامات پر موجود رہ سکتے ہیں جہاں سے وہ زمین کے قریب موجود اہداف کے خلاف اچانک کارروائی کی پوزیشن حاصل کر سکیں۔ تحقیق میں چوک پوائنٹس یعنی ایسے مقامات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جہاں اہم یا کم ایندھن والے خلائی راستے ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں۔ کسی ملک کی جانب سے ان مقامات پر موجودگی حریف کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے، اسے راستہ تبدیل کرنے یا کسی مشن میں تاخیر پر مجبور کرنے کا ذریعہ بن سکتی ہے، بغیر براہِ راست تصادم کے۔



