سیکرٹری داخلہ سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات،پنجاب میں سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور ( آصف اقبال ) سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں امن و امان، سکیورٹی اداروں کی استعداد کار، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور پاک امریکہ سکیورٹی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ بین الصوبائی سرحدوں کی سکیورٹی کے لیے 14 جدید چیک پوسٹس زیرِ تکمیل ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بڑھانے کے لیے جدید تربیت اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت جیل اصلاحات، اسیران کی فنی تربیت، کمزور طبقات کے تحفظ اور شدت پسندی کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ سول ڈیفنس ریزیلئنس کور میں تقریباً چار لاکھ رضاکار رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جبکہ تربیت کا عمل جاری ہے امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے کہا کہ دونوں ممالک کی سلامتی کے لیے مستقبل میں تعاون کے مزید مواقع تلاش کیے جائیں گے۔ملاقات میں سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، آئی جی پریزن میاں سالک جلال اور ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی جویریہ مقبول بھی موجود تھیں۔



