آسٹریلیا: شارک نے سمندر میں کھینچا تو خاتون نے مکے مار کر اپنی جان بچا لی

آسٹریلیا میں ایک خاتون تیراک نے شارک کے خوفناک حملے سے زندہ بچ نکلنے کی روداد سناتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ جب دیوہیکل شارک انہیں پانی کے اندر کھینچنے لگی تو انہوں نے مسلسل مکے مار کر خود کو اس کے چنگل سے آزاد کرایا۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق پرائمری اسکول ٹیچر لیہ اسٹیورٹ 13 جون کو سڈنی کے کوگی بیچ پر تیراکی کر رہی تھیں جب مبینہ طور پر تقریباً 4 میٹر طویل گریٹ وائٹ شارک نے ان پر حملہ کر دیا۔لیہ نے بتایا کہ وہ ساحل کی جانب واپس آرہی تھیں کہ اچانک ایک لڑکی کی چیخ سنائی دی۔ پیچھے دیکھا تو پانی میں ایک بہت بڑا فن دکھائی دیا جسے پہلے انہوں نے ڈولفن سمجھا لیکن جلد ہی احساس ہوا کہ وہ شارک ہے۔خاتون کے مطابق شارک ان کے اتنے قریب آگئی کہ وہ اس کا چہرہ اور دانت واضح طور پر دیکھ سکتی تھیں۔ انہیں خدشہ ہوا کہ شارک ان کے چہرے پر حملہ کر سکتی ہے، اس لیے انہوں نے خود ہی اس پر مکا مارنے کا فیصلہ کیا۔لیہ نے بتایا کہ چونکہ وہ دائیں ہاتھ سے کام کرتی ہیں اس لیے انہوں نے سوچا کہ ’اگر کوئی عضو کھونا ہی پڑا تو بایاں بازو‘ اور شارک پر بائیں ہاتھ سے مکا مار دیا۔شارک نے ان کے بائیں بازو کو دبوچ لیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئیں، بعدازاں اس نے ان کی بائیں ران پکڑی اور انہیں پانی کے اندر کھینچ لیا۔



