گمنامی کی زندگی گزارنے والی ماضی کی ہیروئن کی اپنی ویڈیو وائرل ہونے پر مداحوں سے اپیل

بالی ووڈ کی مشہور ہارر فلم ’راز‘ میں بھوت کا کردار ادا کرکے شہرت حاصل کرنے والی سابق اداکارہ اور ماڈل مالینی شرما نے شوبز سے دور اپنی نئی زندگی سے مداحوں کو حیران کردیا تھا۔مالینی شرما اس وقت اداکاری سے دور ’دی سلو لوکل‘ نامی فارم اسٹے چلا رہی ہیں جو بھارتی شہر پونے کے قریب سہیادری پہاڑیوں میں واقع ہے۔حال ہی میں ان کی موجودہ زندگی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو مداحوں کی بڑی تعداد نے فارم اسٹے سے رابطے شروع کردیے۔صورتحال یہاں تک پہنچ گئی کہ فارم اسٹے کی انتظامیہ کے لیے مسلسل آنے والی فون کالز کو سنبھالنا مشکل ہوگیا، جس پر مالینی شرما نے خود ویڈیو پیغام جاری کرکے مداحوں سے ایک خاص درخواست کردی۔مالینی شرما نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں مداحوں کی محبت اور غیر معمولی ردعمل پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی توجہ اور اتنے بڑے پیمانے پر ردعمل کا بالکل بھی یقین نہیں تھا۔انھوں نے کہا کہ وہ مداحوں کے پیغامات سے بہت متاثر اور خوش ہیں تاہم فارم اسٹے ایک چھوٹی سی پراپرٹی ہے اور اچانک آنے والی بے شمار فون کالز کو پراسیس کرنا انتظامیہ کے لیے مشکل ہوگیا ہے۔اداکارہ نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ فارم اسٹے کے نمبر پر فون کرنے کے بجائے واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کریں تاکہ انتظامیہ کے لیے پیغامات اور بکنگز کو سنبھالنا آسان ہوسکے۔مالینی نے یہ بھی بتایا کہ ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی بڑی تعداد میں پیغامات موصول ہورہے ہیں۔ کوشش کروں گی کہ کم از کم ایک مرتبہ ہر شخص کو جواب دے سکوں۔



