پاکستان کا پہلا کارڈیک ہارٹ ٹرانسپلانٹ سینٹر قائم، مریضوں کو مفت سہولت فراہم کرنے کا اعلان

لاہور:( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کے پہلے کارڈیک ہارٹ ٹرانسپلانٹ سینٹر کا افتتاح کرتے ہوئے عوام کو ہارٹ ٹرانسپلانٹ کی قیمتی سہولت مفت فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔ وزیراعلیٰ نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا بھی باقاعدہ آغاز کیا، جہاں جدید ترین طبی سہولیات کے ساتھ دل کے پیچیدہ امراض کا علاج شروع کردیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہارٹ ٹرانسپلانٹ کے اخراجات برداشت کرنے کے لیے خصوصی فنڈ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب ہر ہارٹ ٹرانسپلانٹ کے لیے 50 ہزار ڈالر تک کی رقم خود ادا کرے گی، تاکہ مستحق مریضوں کو علاج کے لیے بیرونِ ملک جانے کی ضرورت پیش نہ آئے۔16 ارب روپے کی لاگت سے 250 بستروں پر مشتمل جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید ترین مشینری اور طبی سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔ ہسپتال میں عالمی ماہرین امراضِ قلب کی زیر نگرانی مریضوں کو دل کے علاج کی مختلف سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کیتھ لیب، ایم آر آئی، ماڈیولر آپریشن تھیٹرز، کارڈیک وارڈز، پیتھالوجی لیب، ریڈیالوجی، آئی سی یو اور ایمرجنسی وارڈ سمیت دیگر شعبے فعال ہیں۔ جدید ترین مشین پر پہلی انجیوگرافی بھی کی جائے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہارٹ ٹرانسپلانٹ سینٹر، انجیو سوئٹ، ڈائیگناسٹک روم، او پی ڈی اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے ماڈیولر آپریشن تھیٹر میں جدید ترین ہارٹ لنگز مشین، اعلیٰ ترین ٹیسلا ایم آر آئی اور دیگر جدید طبی آلات کا معائنہ کیا اور طبی سہولیات پر اظہارِ مسرت کیا۔اس موقع پر ڈاکٹرز اور نرسز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ محب وطن پاکستانی بن کر مریضوں کی خدمت کرنی ہے۔ ہسپتال میں ہر ڈیوٹی کو اللہ تعالیٰ کی امانت سمجھ کر سرانجام دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس تصور کو بدلنا ہوگا کہ پاکستان میں نہیں بلکہ باہر جا کر اچھا کام کریں گے۔صوبائی وزیر صحت و سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب باقی صوبوں سے مختلف ہے، یہاں کی محنت رائیگاں نہیں جاتی، جبکہ آزاد کشمیر میں کامیابی بھی کارکردگی کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے بیشتر ہیلتھ پروگرام صرف صوبے تک محدود نہیں بلکہ پورے ملک کے عوام کے لیے ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے انگلینڈ کے عالمی شہرت یافتہ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر حسنات خان کو پاکستان آکر خدمات انجام دینے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر حسنات خان نے کہا کہ انہیں پاکستان میں خدمت کا موقع ملنے پر خوشی اور شکرگزاری ہے، وہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ڈاکٹرز اور طبی عملے کی تربیت میں بھی کردار ادا کریں گے۔وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر اظہر کیانی، ڈاکٹر فرقد عالمگیر، ڈاکٹر عدنان خان، سی ای او آئی ڈی اے پی شاہ میر اقبال، سیکرٹریز ہیلتھ عظمت محمود، نادیہ ثاقب اور دیگر متعلقہ ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے ذریعے پنجاب کے عوام کو دل کے پیچیدہ امراض کے علاج کے لیے بیرونِ ملک جانے سے نجات دلائی جائے گی اور جدید ترین علاج کی سہولت پاکستان ہی میں فراہم کی جائے گی۔



