زارا نور عباس نے پاکستان کے موجودہ حالات کو ’’بدترین وقت‘‘ قرار دے دیا

کراچی: بچوں کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم پر اداکارہ زارا نور عباس نے پاکستان کے موجودہ حالات کو ’’بدترین وقت‘‘ قرار دے دیا۔ زارا نور عباس نے انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ مسئلہ صرف یہ نہیں کہ ہر طرف زیادتی اور قتل کے واقعات دیکھنے کو مل رہے ہیں بلکہ اصل تشویش یہ ہے کہ ایسے جرائم پر کوئی مثال قائم نہیں کی جا رہی جس سے مجرموں کے حوصلے بڑھ رہے ہیں۔اداکارہ کے مطابق یہ واقعات اس قدر عام ہو چکے ہیں کہ اب یہ مسئلہ کسی ایک صنف تک محدود نہیں رہا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسے حالات میں والدین اپنے بچوں کی حفاظت کیسے کریں اور کیا قانون کو ہاتھ میں لینا ہی واحد راستہ رہ گیا ہے؟ قانون کا رویہ بھی غیر سنجیدہ دکھائی دیتا ہے۔زارا نور عباس نے میر رضا علی کیس کی جانب بھی اشارہ کیا، جس میں لاش کی دوبارہ قبر کشائی کے بعد پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ ابتدائی طور پر کیس کو خودکشی قرار دیا جا رہا تھا، تاہم دوسری رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ مقتول کو گولی مارنے کے ساتھ تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔انہوں نے کراچی میں ایک کمسن بچی کے ریپ اور قتل کے واقعے پر بھی تشویش ظاہر کی، جہاں ملزم کی کم عمری کے باعث اسے ذہنی معاونت دینے کی بات کی جا رہی ہے۔



