ایران وسیع جنگ نہیں چاہتا، مگر سرحدوں کے دفاع سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گا: صدر مسعود پزشکیان

تہران: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران خطے میں جنگ کو مزید وسعت دینا نہیں چاہتا تاہم اگر ملک کی خودمختاری یا سرحدوں کو خطرہ لاحق ہوا تو ایران اپنے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گا۔ صدر مسعود پزشکیان نے خاندانی طب اور ریفرل سسٹم کے قومی منصوبے کے دوسرے مرحلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور اندرونی استحکام کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران کی ترجیح جنگ نہیں بلکہ امن، استحکام اور قومی ترقی ہے، لیکن ملک کی سلامتی پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام کو مل کر ایسا مضبوط معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں دشمن نہ لالچ میں آئے، نہ اندرونی معاملات میں مداخلت کر سکے اور نہ ہی معاشرے میں تقسیم یا انتشار پیدا کرنے میں کامیاب ہو۔ایرانی صدر کے مطابق قومی یکجہتی، مضبوط ریاستی ادارے اور عوامی اعتماد ہی وہ عوامل ہیں جو بیرونی دباؤ اور خطرات کا مؤثر مقابلہ کر سکتے ہیں۔



