ظہران ممدانی کا تنقید کے باوجود نائن الیون کی25 ویں برسی کی تقریب میں شرکت کافیصلہ

نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی نے کہا ہے کہ وہ آن لائن تنقید کے باوجود 11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کی 25ویں برسی کی یادگاری تقریب میں شرکت کریں گے، کیونکہ ان کے بقول یہ تقریب ہم سب کی ہے جو اس شہر کو اپنا گھر کہتے ہیں۔دوسری جانب 11 ستمبر 2001 کے حملوں میں اپنے پیاروں کو کھونے والے بعض اہلِ خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ میئر ممدانی کو اس سال ہونے والی یادگاری تقریب میں شرکت کی اجازت نہ دی جائے۔ ان کا مؤقف ہے کہ میئر کی موجودگی اس دن کی سنجیدگی اور متاثرہ خاندانوں کی یاد و احترام کے ماحول کو متاثر کرے گی، جبکہ یہ دن صرف متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے وقف ہونا چاہیے۔یہ مطالبہ ایک آن لائن پٹیشن کے ذریعے سامنے آیا ہے، جس کا آغاز 9/11 میں اپنی اہلیہ سے محروم ہونے والے جیووانی گالانتے اور ایک ایسی خاتون نے کیا جنہوں نے بھی اس سانحے میں اپنے شوہر کو کھو دیا تھا۔درخواست میں نیشنل ستمبر 11 میموریل اینڈ میوزیم میں منعقد ہونے والی سالانہ یادگاری تقریب کے منتظمین سے اپیل کی گئی ہے کہ ظہران ممدانی کو تقریب میں شرکت کی دعوت نہ دی جائے۔ پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ میئر ممدانی کے بعض عوامی بیانات، سیاسی مؤقف اور تعلقات اس تقریب کے مقصد اور روح سے مطابقت نہیں رکھتے۔



