ایران جنگ پر جے ڈی وینس اور عسکری حکام کے خدشات سامنے آگئے

واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین نے ایران کے خلاف جنگ کو مزید وسعت دینے کے ممکنہ نتائج پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔یہ خدشات ایسے وقت میں سامنے آئے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائیوں پر غور کر رہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق اعلیٰ سطح کے اجلاس میں جنرل ڈین کین نے صدر ٹرمپ کو بریفنگ دیتے ہوئے ممکنہ فوجی کارروائیوں کے نتائج اور خطرات سے آگاہ کیا۔رپورٹ کے مطابق جنرل ڈین کین نے خاص طور پر امریکی اسلحے کے ذخائر، طویل جنگ کے ممکنہ اثرات اور دیگر عسکری چیلنجز پر تشویش ظاہر کی۔انہوں نے کہا کہ امریکی فوج صدر کے احکامات پر عمل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، تاہم ہر فوجی آپشن کے ممکنہ نتائج کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ذرائع کے مطابق اسلحے کے ذخائر سے متعلق خدشات ان متعدد نکات میں شامل تھے جو اجلاس کے دوران صدر ٹرمپ کے سامنے پیش کیے گئے۔



