فرش پر 362 کلو پی نَٹ بٹر پھیلا کر فنکار کو انوکھا خراجِ عقیدت

نیدرلینڈز میں معروف تصوراتی فنکار وِم ٹی- شپرز کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک میوزیم کے فرش پر 362 کلو گرام سے زائد پی نَٹ بٹر پھیلا دیا گیا، جو تقریباً 15 ہزار سینڈوچز بنانے کے لیے کافی ہے۔گزشتہ ماہ 83 سال کی عمر میں انتقال کر جانے والے وِم ٹی- شپرز نے پہلی بار ’پنڈاکاس فلور‘ یا ’پی نٹ بٹر فلور‘ 1969 میں تخلیق کیا تھا۔ اس فن پارے کو جمعرات کے روز نیدرلینڈز کے شہر روٹرڈیم میں واقع ڈیپوٹ، میوزیم بوئجمانس فان بیوننگن میں دو ماہ کی نمائش کے لیے دوبارہ پیش کیا گیا۔وِم ٹی- شپرز نیدرلینڈز میں ایک منفرد اور روایات سے ہٹ کر فنکار کے طور پر جانے جاتے تھے۔ انہوں نے ڈچ زبان میں بچوں کے معروف پروگرام ’سیسمی اسٹریٹ‘ کے کردار ارنی اور کرمٹ دی فراگ کو بھی آواز دی، جبکہ ان کے فن پارے روایتی تصورِ فن کو چیلنج کرنے اور ناظرین کو سوچنے پر مجبور کرنے کے لیے مشہور تھے۔1997 میں اسی فن پارے کی نمائش کے دوران شپرز نے صحافیوں سے کہا تھا، "کیا یہ حیرت انگیز نہیں کہ ہم سب یہاں کھڑے ہو کر پی نَٹ بٹر کو دیکھ رہے ہیں؟یہ فن پارہ شپرز کی’فلور کورنگ سیریز‘ کا حصہ تھا، جس میں شیشے کے ٹکڑوں اور نمک سے ڈھکے ہوئے فرش بھی شامل تھے۔



