امریکا: منہ سے سب سے زیادہ کاغذی جہاز پکڑنے کا عالمی ریکارڈ

امریکی ریاست آئیڈاہو سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے اپنی 13 سالہ بھتیجی کے ساتھ مل کر ایک منٹ میں منہ سے 20 کاغذی جہاز پکڑ کر سب سے زیادہ کاغذی جہاز پکڑنے کا گینیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔200 سے زائد گینیز ورلڈ ریکارڈز اپنے نام رکھنے والے ڈیوڈ رش نے بتایا کہ انہوں نے کئی سال پہلے کاغذی جہازوں سے متعلق یہ ریکارڈ توڑنے کا سوچا تھا لیکن جب انہیں معلوم ہوا کہ کاغذی جہاز کی نوک چہرے پر لگنے سے تکلیف ہوتی ہے تو انہوں نے یہ کوشش مؤخر کر دی۔رش نے دوبارہ ریکارڈ بنانے کا فیصلہ اس وقت کیا جب انہیں کاغذی جہاز کی ایک ایسی قسم ملی جس کی نوک کند تھی۔ اگرچہ اس کی نوک لگنے سے چبھن محسوس ہوتی تھی لیکن یہ خطرناک ہونے کے بجائے محض تکلیف دہ تھی۔ریکارڈ توڑنے کے لیے رش نے اپنی بھتیجی ایلی کی مدد حاصل کی، جس نے ان کے چہرے کی جانب کاغذی جہاز پھینکے۔ڈیوڈ رش نے اپنی ویب سائٹ پر اپنے تجربے سے متعلق لکھا کہ ایلی کو پہلی ہی کوشش سے ایڈوانٹج حاصل تھا۔ جہاز پھینکتے وقت اس کا زاویہ زیادہ بلند تھا اور اس کا انداز بھی حیرت انگیز طور پر مستقل تھا۔ یہ کوئی حیرت کی بات نہیں تھی کیونکہ وہ فٹ بال کی بہترین گول کیپرز میں سے ایک ہے۔



