10 منٹ میں 66 ہاٹ ڈاگ کھا کر امریکی شہری 18ویں مرتبہ چیمپئن بن گیا

امریکا میں یومِ آزادی کے موقع پر منعقد ہونے والے روایتی ہاٹ ڈاگ کھانے کے سالانہ مقابلے میں معروف مقابلہ باز جوئی چیسٹنٹ نے ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے صرف 10 منٹ میں 66 ہاٹ ڈاگ کھا کر مردوں کے مقابلے کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اس شاندار کامیابی کے ساتھ وہ 18ویں مرتبہ اس مقابلے کے فاتح بن گئے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کامیابی پر جوئی چیسٹنٹ کو 10 ہزار امریکی ڈالر انعام اور روایتی یلو بیلٹ سے بھی نوازا گیا۔ فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر سال اس مقابلے میں شریک ہونا ان کے لیے ایک خواب کی تعبیر ہوتا ہے، تاہم اس مرتبہ شدید گرمی کے باعث وہ اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے۔رپورٹس کے مطابق جوئی چیسٹنٹ کے نام اس مقابلے کا عالمی ریکارڈ بھی موجود ہے۔ انہوں نے 2021 میں صرف 10 منٹ کے دوران 76 ہاٹ ڈاگ کھا کر یہ منفرد اعزاز حاصل کیا تھا، جو اب بھی برقرار ہے۔



