سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے قصور میں پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس اسٹیشن کا افتتاح کر دیا
منشیات کے خاتمے کے لیے خصوصی فورس کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، سپیکر ملک محمد احمد خاں

لاھور : آصف اقبال سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے قصور میں پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (CNF) کے نئے اسٹیشن کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، سیکرٹری ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول مسعود مختیار، کمانڈر سی این ایف اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب کے بعد سپیکر پنجاب اسمبلی کو پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی تنظیمی ساخت، قانونی اختیارات، جاری آپریشنز، جدید آلات، تربیتی نظام اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ فورس کی گزشتہ گیارہ ماہ کی آپریشنل کارکردگی پر مشتمل جامع رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔ اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا قیام وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک اہم اور دوراندیش اقدام ہے، جس کا مقصد صوبے سے منشیات کے ناسور کا مؤثر خاتمہ کرنا ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ منشیات کے خلاف جنگ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی پیشہ ورانہ تربیت، جدید آلات اور آپریشنل استعداد کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورس بین الاقوامی معیار کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ پولیس، اینٹی نارکوٹکس فورس اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے صوبے میں منشیات فروش عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرے گا۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ جرائم کی نوعیت وقت کے ساتھ بدل رہی ہے، اس لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق خود کو ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔



