دوحہ مذاکرات پر غیر یقینی، سعودی، دبئی اور ابوظہبی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی کا رجحان

ریاض: امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے باعث خلیجی ممالک کی بڑی اسٹاک مارکیٹوں میں کاروبار کا آغاز محتاط انداز میں ہوا جبکہ سرمایہ کار دوحہ میں متوقع سفارتی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔چار ماہ سے جاری کشیدگی کے بعد ہونے والی عارضی جنگ بندی کے مستقبل پر خدشات کے باعث سرمایہ کار نئی سرمایہ کاری سے گریز کر رہے ہیں۔سعودی عرب کی بینچ مارک اسٹاک مارکیٹ میں تقریباً 0.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کی بڑی وجہ تیل کمپنی سعودی آرامکو کے حصص میں تقریباً 0.5 فیصد کی کمی رہی۔ادھر عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کے اگست کے سودے بھی تقریباً ایک فیصد گر کر 72.40 ڈالر فی بیرل تک آ گئے۔ یہ قیمت گزشتہ ماہ کی اختتامی سطح کے مقابلے میں تقریباً 20 ڈالر، یعنی 22 فیصد کم ہے۔دبئی کی مرکزی اسٹاک مارکیٹ میں بھی 0.1 فیصد کمی دیکھی گئی، جبکہ معروف بینک ایمریٹس این بی ڈی کے حصص میں 0.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح ابوظہبی اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس بھی 0.2 فیصد نیچے رہا۔



