لاہور میں نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کا اہم اجلاس، آزاد کشمیر کی صورتحال پر غور

لاہور(آصف اقبال) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی زیر صدارت لاہور میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر اور پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) مسئلہ کشمیر پر واضح اور دوٹوک مؤقف رکھتی ہے اور جموں و کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ آزاد کشمیر کے عوام کو آئینی و بنیادی حقوق کی فراہمی اور خطے کی تعمیر و ترقی کو ترجیح دی ہے۔نواز شریف نے آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عبوری آئین ایکٹ 1974 کے تحت شہریوں کو مکمل جمہوری اور شہری آزادیاں حاصل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ عوامی حقوق کے لیے آئینی دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد کی جائے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ پارٹی تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے حالیہ واقعات میں سرکاری اہلکاروں اور شہریوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی صورتحال پیدا نہیں ہونی چاہیے تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ "یہ ملک ہم سب کا ہے اور ہمیں بھائیوں کی طرح مل جل کر رہنا ہے۔”انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے پاکستان کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں جبکہ پاکستان نے بھی ہمیشہ کشمیریوں کی جدوجہد کو اپنی جدوجہد سمجھتے ہوئے ان کا ساتھ دیا ہے۔ نواز شریف نے آزاد کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے نظریاتی اور فکری رشتے کو برقرار رکھتے ہوئے پرامن رہیں، دھرنوں کا خاتمہ کریں اور مسائل کے حل کے لیے بامقصد مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آزاد کشمیر کے عوام، حکومت آزاد کشمیر، حکومت پاکستان اور تمام سیاسی جماعتیں مل کر خطے میں امن کی بحالی اور انتخابی عمل کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں گی۔نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت پاکستان اور دفاعی اداروں نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جنہیں مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان اور آزاد کشمیر میں بھائی چارے، رواداری اور جمہوری اقدار کو فروغ دینا چاہیے۔اجلاس کے اختتام پر حالیہ واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کی گئی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا گیا۔اجلاس میں قائد مسلم لیگ (ن) نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں انتخابی مہم کو مؤثر انداز میں منظم کرنے اور بھرپور محنت پر انجینئر امیر مقام کی خدمات کو بھی سراہا۔



