Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لائیوسٹاک کارڈ فیز ٹو کا افتتاح کردیا

لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لائیوسٹاک کارڈ فیز ٹو کا ڈیجیٹل افتتاح کردیا۔ وزیراعلیٰ نے کارڈ سوائپ کرکے اسکیم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا، جبکہ تقریب میں محکمہ لائیوسٹاک کی کارکردگی پر خصوصی ڈاکومینٹری بھی پیش کی گئی۔ لائیوسٹاک کارڈ فیز ون میں 96 فیصد ریکوری کا تناسب حاصل ہونے پر مریم نواز شریف نے اطمینان کا اظہار کیا۔تقریب میں وزیر لائیوسٹاک عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری لائیوسٹاک احمد عزیز تارڑ نے وزیراعلیٰ کو اسکیم کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فیز ٹو کے تحت فارمرز کو فی مویشی 27 ہزار روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔ اس رقم سے ونڈا، سائیلیج اور منرل مکسچر سمیت مویشیوں کی متوازن خوراک حاصل کی جاسکے گی۔ دو سال کے دوران 6 لاکھ مویشیوں کی غذائی ضروریات پوری کرکے گوشت کی پیداوار بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔بریفنگ کے مطابق لائیوسٹاک کارڈ فیز ٹو کے تحت فارمرز کو مجموعی طور پر 16 ارب 20 کروڑ روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ قرض کا اصل زر فارمرز ادا کریں گے جبکہ سود حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔ فارمرز قرض کی 25 فیصد رقم اے ٹی ایم کے ذریعے نقد بھی حاصل کرسکیں گے۔ اسکیم میں مویشیوں کی مفت ٹیگنگ اور منہ کھر کی بیماری کے خلاف ویکسینیشن کی سہولت بھی شامل ہے۔حکام نے بتایا کہ لائیوسٹاک کنیکٹ پورٹل کے ذریعے 23 ہزار فارمرز کو میٹ ایکسپورٹرز سے براہ راست منسلک کیا گیا ہے، جبکہ گوشت کی برآمدات کے لیے آٹھ بڑے ایکسپورٹرز کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔ پامکو کے ذریعے چین، سعودی عرب، خلیجی ممالک، آذربائیجان، ازبکستان اور یورپی منڈیوں تک رسائی کے لیے بھی معاہدے کیے گئے ہیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ لائیوسٹاک کارڈ کے ذریعے پنجاب میں خواتین فارمرز کی تعداد 90 سے بڑھ کر 1107 ہوگئی ہے، جبکہ صوبے سے جانوروں کی برآمدات میں 43 فیصد اضافہ ہوا۔ گزشتہ ایک سال کے دوران گوشت کی برآمدات میں 9 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔حکام کے مطابق 23 ہزار 312 فارمرز کے لیے لائیوسٹاک کارڈ تیار کیے گئے، جبکہ 1739 فارمرز نے 70 ہزار سے زائد ٹرانزیکشنز کیں۔ فارمرز نے خوراک اور دیگر ضروری اشیا کی خریداری پر خطیر رقوم خرچ کیں۔ اسکیم میں شمولیت کے لیے آن لائن پورٹل پر خود رجسٹریشن کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جبکہ فارمرز کی رہنمائی کے لیے 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائن 0800-09211 قائم کردی گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button