جنگ بندی،پابندیوں میں نرمی،منجمد اثاثوں کی واپسی،امریکہ ایران معاہدے کی تفصیلات

تہران: ایران اور امریکا کے درمیان زیر غور 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت کی مبینہ تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جن میں جنگ بندی، پابندیوں میں نرمی، منجمد اثاثوں کی واپسی اور اقتصادی تعاون سمیت متعدد اہم نکات شامل ہیں۔رپورٹس کے مطابق مجوزہ معاہدے میں لبنان سمیت تمام محاذوں پر فوری اور مستقل جنگ بندی کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ امریکا ایران کی خودمختاری کے احترام اور اس کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت کا پابند ہوگا۔مجوزہ دستاویز میں یہ بھی شامل ہے کہ 30 روز کے اندر بحری ناکہ بندی ختم کی جائے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دیا جائے تاکہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل معمول پر آسکے۔رپورٹس کے مطابق ایرانی تیل اور پیٹروکیمیکل برآمدات پر عائد پابندیوں کو معطل کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جبکہ ایران کی تعمیر نو اور اقتصادی بحالی کے لیے 300 ارب ڈالر مالیت کے مختلف منصوبوں پر تعاون کی بات کی گئی ہے۔مجوزہ معاہدے کے تحت جوہری پروگرام اور پابندیوں کے خاتمے سے متعلق معاملات پر 60 روزہ مذاکراتی مدت مقرر کی جائے گی۔ اس دوران امریکا ایران پر نئی پابندیاں عائد نہیں کرے گا۔



