فیفا ورلڈ کپ؛ میئر نیویارک زہران ممدانی کا سستے ٹکٹس کا اعلان

نیویارک میں فیفا ورلڈ کپ ٹکٹس کی قیمتوں پر شدید عوامی ردعمل کے بعد میئرنیویارک زہران ممدانی نے نیویارک کے شہریوں کے لیے محدود تعداد میں سستے ٹکٹس کی اسکیم متعارف کرا دی ہے جس کے تحت 50 ڈالر میں ٹکٹس دستیاب ہوں گے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر کے رہائشیوں کے لیے تقریباً 1000 ٹکٹس مختص کیے گئے ہیں جو مختلف گروپ اسٹیج اور ناک آؤٹ میچز کے لیے ہوں گے، تاہم فائنل اس میں شامل نہیں ہوگا۔ یہ ٹکٹس ایک لاٹری سسٹم کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے تاکہ شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہر میچ کے لیے تقریباً 150 نشستیں اس اسکیم میں شامل ہوں گی اور کامیاب امیدواروں کو زیادہ سے زیادہ دو ٹکٹس خریدنے کی اجازت ہوگی۔ ان ٹکٹس میں میچ تک جانے اور واپس آنے کے لیے ٹرانسپورٹ سہولت بھی شامل ہوگی۔میئر کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مقامی شہریوں کو ورلڈ کپ جیسے بڑے ایونٹ سے جوڑنے اور مہنگے داموں کے باعث شائقین کی محرومی کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ بڑے کھیلوں کے مقابلے صرف امیروں کے لیے محدود نہیں ہونے چاہیے۔



