گوجرانوالہ میں الیکٹرو بس سروس کا آغاز، ماس ٹرانزٹ منصوبہ مارچ تک مکمل کرنے کی ہدایت مریم نواز

لاہور (آصف اقبال) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے الیکٹرو بس سروس کے دو روٹس کا افتتاح کیا اور ماس ٹرانزٹ کوریڈور منصوبے کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے منصوبہ مارچ تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی مشکلات کے پیش نظر مزید تاخیر کی گنجائش نہیں۔مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی سائٹ کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی کام جلد شروع کرنے کی ہدایت کی۔ 50 کنال اراضی پر قائم ہونے والے ادارے میں 268 بیڈز، ایمرجنسی، سی سی یو، آئی سی یو، جدید آپریشن تھیٹرز اور جدید تشخیصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔گوجرانوالہ میں ابتدائی طور پر چن دا قلعہ تا لوہیانوالہ اور کھیالی تا جنم نندی پور دو روٹس پر الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی، جبکہ منصوبوں کی تکمیل کے بعد شہر میں 74 الیکٹرو بسیں چلانے کا منصوبہ ہے۔دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے کمسن طلبہ کو دیکھ کر گاڑی رکوا دی، ننھے اسد اللہ اور اس کے ساتھیوں سے شفقت کا اظہار کیا اور انہیں سوئیٹس، پھل اور انعامات دئیے۔



