پنجاب کے چھ بڑے شہروں میں سالڈ ویسٹ کمپنیاں ختم، صفائی کا نظام سرکاری سطح پر چلانے کا فیصلہ، وزیراعلیٰ نے 15 دن کی ڈیڈ لائن دے دی

لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں صفائی کی صورتحال 100 فیصد بہتر بنانے کے لیے 15 دن کا ہدف مقرر کر دیا ہے، جبکہ غیر تسلی بخش کارکردگی پر لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور ڈیرہ غازی خان سمیت چھ بڑے شہروں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کا نظام ختم کرکے سیلف آپریشن کے تحت صفائی کا انتظام چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبے بھر کی سڑکوں پر گردوغبار کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور وزیراعلیٰ نے مرکزی شاہراہوں کی روزانہ دھلائی یقینی بنانے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صفائی کے بعد سڑکوں پر کوڑا پھینکنے والوں کے خلاف جرمانے عائد کیے جائیں۔ مارکیٹوں، بازاروں، سبزی منڈیوں، فروٹ منڈیوں اور غلہ منڈیوں میں کوڑا کرکٹ پھینکنے پر جرمانوں کے نفاذ کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔ خالی پلاٹوں میں کوڑا کرکٹ نظر آنے پر مالکان کو جرمانے عائد کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا مریم نواز شریف نے ہر متبادل دن دیہات میں صفائی یقینی بنانے اور ہر ضلع میں افرادی قوت اور مشینری کی دستیابی مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ مانیٹرنگ افسران سے ہفتہ وار ملاقات کرنے اور ان کی کارکردگی جانچنے کے لیے کے پی آئی (KPI) مقرر کرنے کی ہدایت کی وزیراعلیٰ نے صوبے کے ہر شہر اور علاقے میں صفائی کے عملے کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز سے صفائی کے لیے درکار مشینری کی تفصیلات اور ڈیمانڈ بھی طلب کر لی انہوں نے سیلف آپریشن کے ذریعے ہونے والی بچت کا حتمی ریکارڈ پیش کرنے اور متعلقہ اضلاع میں مشینری و آلات کی فزیکل تصدیق کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں ملتان، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، حافظ آباد، مظفر گڑھ اور دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے صفائی کی صورتحال سے متعلق رپورٹس پیش کیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک ہفتے بعد فالو اپ اجلاس طلب کر لیا۔








