قطر کی ثالثی میں بڑی پیش رفت، ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے 48 گھنٹوں کا نیا منصوبہ پیش کردیا

دوحہ: ایران نے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال کرنے کے لیے امریکا کے سامنے 48 گھنٹوں پر مشتمل نیا منصوبہ پیش کردیا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے مطابق اس تجویز کے تحت امریکا پہلے روز کچھ مطلوبہ اقدامات کرے گا، جس کے بعد دوسرے روز آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول کر بحری جہازوں کی آمدورفت معمول پر لائی جاسکے گی۔خلیجی اخبار گلف نیوز کے مطابق عباس عراقچی نے بتایا کہ قطر کی ثالثی میں ہونے والی بات چیت کے نتیجے میں دو روزہ منصوبہ سامنے آیا ہے۔ ان کے بقول پہلے دن امریکا کو مخصوص اقدامات کرنا ہوں گے، جبکہ دوسرے دن آبنائے ہرمز کھولنے اور بحری نقل و حرکت بحال کرنے کا مرحلہ ہوگا۔رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے اس سے قبل سات روزہ منصوبہ پیش کیا گیا تھا، جس میں آبنائے ہرمز کو چھٹے روز دوبارہ کھولنے کی تجویز شامل تھی۔ قطری ثالثوں سے مشاورت کے بعد اس منصوبے کو مختصر کرکے دو روز تک محدود کردیا گیا ہے۔عراقچی کا کہنا تھا کہ مذاکرات عمل درآمد کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ان کا دورۂ دوحہ امریکی حکام کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کے لیے نہیں تھا بلکہ قطری ثالثوں کے ذریعے بات چیت جاری رہی۔








