اسحاق ڈار اور انتونیو گوتریس کی ملاقات، علاقائی و عالمی امن و سلامتی پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (آصف اقبال) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی، جس میں علاقائی و عالمی امن و سلامتی سمیت اہم بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں فلسطین، جموں و کشمیر، افغانستان، انسدادِ دہشت گردی اور کثیرالجہتی نظام کے مستقبل سمیت خطے اور دنیا کو درپیش اہم چیلنجز زیرِ بحث آئے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو جموں و کشمیر اور سندھ طاس معاہدے سے متعلق پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے تنازع کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ اور پُرامن حل کے مطالبے کا اعادہ کیا۔اسحاق ڈار نے علاقائی کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کی سہولت کاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تنازعات کے حل کے لیے مکالمہ اور سفارت کاری مؤثر ذرائع ہیں۔نائب وزیراعظم نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات اور عالمی امن و سلامتی کے لیے اس کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے مکالمے، ثالثی اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی بھی تعریف کی۔انتونیو گوتریس 6 سے 8 اکتوبر تک پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ ان کا یہ دورہ وزیراعظم، صدرِ مملکت اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں سمیت اقوام متحدہ کے امن مشن اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے مختلف سرگرمیوں پر مشتمل ہے۔



