یوکرین میں غیر ملکی فوج کی تعیناتی، پیوٹن نے یوکرین جنگ ختم کرنے کے لیے امریکی دباؤ مسترد کردیا

ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین جنگ ختم کرنے کے لیے اپنے سخت مؤقف اور علاقائی مطالبات میں نرمی سے انکار کردیا ہے۔ انہوں نے یوکرین میں غیر ملکی امن فوج کی تعیناتی کو بھی مسترد کرتے ہوئے اسے جنگ جاری رکھنے کے مترادف قرار دیا۔ تاہم کریملن میں امریکی نمائندوں سے ملاقات کے دوران انہوں نے ایک اہم محاذی شہر میں مختصر مدت کی جنگ بندی کی پیشکش کی۔خبر رساں ادارے ڈان اور ایجنسیوں کے مطابق پیوٹن نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی نمائندوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر سے ملاقات کی۔ امریکی نمائندے متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظبی میں دو روزہ مذاکرات کے بعد ماسکو پہنچے تھے، جہاں روس اور یوکرین کے درمیان جنگ ختم کرنے کے امکانات پر بات چیت ہوئی تھی۔ملاقات کے دوران پیوٹن نے واضح کیا کہ روس یوکرین کے ان علاقوں پر کنٹرول سے متعلق اپنے مطالبات کم نہیں کرے گا جنہیں ماسکو نے اپنے ساتھ ضم کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے یوکرین میں غیر ملکی امن فوج کی تعیناتی کی تجویز بھی مسترد کردی۔روسی صدر نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد غیر ملکی فوجیوں کی یوکرین میں موجودگی دراصل جنگ کو جاری رکھنے کے مترادف ہوگی۔ انہوں نے روس اور یوکرین کے درمیان ممکنہ غیر فوجی یا درمیانی علاقوں کی تجویز پر بھی اعتراض کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان حد بندی واضح ہونی چاہیے۔پیوٹن کے اس مؤقف سے جنگ کے خاتمے کے لیے کسی فوری معاہدے کی امیدوں کو دھچکا پہنچا ہے۔ اس سے قبل یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا تھا کہ 2027 سے پہلے جنگ کے خاتمے کے لیے پیش رفت کا ایک موقع موجود ہے۔







