مریم نواز کے ماحولیاتی اقدامات کے مثبت نتائج، لاہور کا اے کیو آئی 2024 کے مقابلے میں نمایاں کم :مریم اورنگزیب

لاہور (آصف اقبال) سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ماحولیاتی ویژن، مؤثر حکمت عملی اور عملی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں پنجاب حکومت کی مسلسل کوششوں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سخت مانیٹرنگ اور ماحولیاتی قوانین پر مؤثر عمل درآمد کے باعث لاہور سمیت صوبے بھر میں فضائی آلودگی اور سموگ کی شدت میں کمی کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں سموگ کے مکمل خاتمے اور عوام کو صاف، صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے قلیل وسط اور طویل المدتی منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے۔ پریس ٹاک کے دوران سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ 11 نومبر 2024 کو لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 2000 سے تجاوز کر گیا تھا، جبکہ 11 نومبر 2026 کو یہ کم ہو کر 450 تک آ گیا ہے۔ ان کے مطابق فضائی آلودگی میں یہ نمایاں کمی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایات پر کیے جانے والے اقدامات، مؤثر نگرانی، جدید ماحولیاتی نظام اور قوانین پر سختی سے عمل درآمد کا نتیجہ ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ سموگ اور ماحولیات جیسے اہم عوامی مسئلے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، کیونکہ صاف ہوا اور صحت مند ماحول کسی ایک حکومت، جماعت یا ادارے کا نہیں بلکہ پورے معاشرے کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ یہ ہماری صحت، سانسوں اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کا معاملہ ہے، جس کے حل کے لیے حکومت کے ساتھ شہریوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
سموگ سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ماحولیاتی اقدامات کے مثبت اثرات صحت کے شعبے میں بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ 2023 کے مقابلے میں 2026 کے دوران پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر مراکز میں سموگ سے متعلق مریضوں کی تعداد میں 69 فیصد جبکہ ٹرشری کیئر اسپتالوں میں 21 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اعدادوشمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات عوامی صحت کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
پنجاب کے تمام 8 ہزار بھٹے جدید زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل
سینئر صوبائی وزیر کے مطابق پنجاب میں قائم تمام 8 ہزار اینٹوں کے بھٹوں کی جیو ٹیگنگ مکمل کر لی گئی ہے اور انہیں جدید زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام سے بھٹوں سے خارج ہونے والے دھوئیں اور مضر آلودگی میں کمی لانے میں مدد ملی ہے۔ حکومت کی جانب سے بھٹوں کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے تاکہ ماحولیاتی معیارات کی پابندی یقینی بنائی جا سکے۔
13 ہزار 560 صنعتوں کی ڈیجیٹل نگرانی، غیر قانونی پلانٹس کے خلاف کارروائی
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ صوبے بھر میں 13 ہزار 560 صنعتوں کی ڈیجیٹل میپنگ مکمل کرکے انہیں جدید نگرانی کے نظام سے منسلک کیا گیا ہے۔ 95 فیصد سے زائد صنعتیں ایمیشن کنٹرول سسٹم پر کام کر رہی ہیں، جبکہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 132 غیر قانونی پائرولیسز پلانٹس مسمار کیے جا چکے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد صنعتی اخراج کو کنٹرول کرنا اور فضا میں مضر مادوں کی مقدار کم کرنا ہے۔
فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات میں 52 فیصد کمی
انہوں نے کہا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف مؤثر اقدامات کے نتیجے میں بھی نمایاں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ سال 2024 میں فصلوں کی باقیات جلانے کے 1200 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے تھے، جن کی تعداد 2025 میں کم ہو کر 572 رہ گئی۔ اسی طرح اس عمل سے متاثرہ رقبہ 1424 ایکڑ سے کم ہو کر 1021 ایکڑ تک آ گیا حکومت کسانوں میں جدید زرعی مشینری کے استعمال کو فروغ دے رہی ہے تاکہ فصلوں کی باقیات جلانے کے بجائے انہیں زمین میں شامل کرکے ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔
تین سال میں لاہور کا صاف ترین اکتوبر ریکارڈ
سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ اکتوبر 2026 گزشتہ تین سال کے دوران لاہور کا صاف ترین اکتوبر رہا۔ اس ماہ شہر کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 180.5 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ 2025 میں یہ 204.6 اور 2024 میں 213 تھا۔ ان کے مطابق یہ بہتری ماحولیاتی پالیسیوں، مسلسل مانیٹرنگ اور مختلف شعبوں میں کیے جانے والے اقدامات کی عکاس ہے۔
پنجاب کلائمیٹ واچ کے ذریعے 24 گھنٹے نگرانی
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پنجاب کلائمیٹ واچ جدید سہولیات سے آراستہ 24 گھنٹے فعال کمانڈ سینٹر کے طور پر کام کر رہا ہے، جہاں 920 سے زائد آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کیمروں کے ذریعے صنعتی چمنیوں اور ماحولیاتی سرگرمیوں کی براہ راست نگرانی کی جا رہی ہے محکمہ تحفظ ماحولیات کے 80 ایئر کوالٹی مانیٹرز پنجاب کے تمام 41 اضلاع میں فضائی معیار کا جائزہ لے رہے ہیںانہوں نے کہا کہ یہ جدید نظام پانچ سے سات روز قبل فضائی آلودگی اور ہوا کے معیار سے متعلق پیشگوئی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جو پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے آلودگی کے ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی اور پیشگی اقدامات ممکن ہو رہے ہیں۔
پاکستان کی پہلی انوائرمنٹل پروٹیکشن فورس متحرک
سینئر وزیر نے بتایا کہ پنجاب میں پاکستان کی پہلی انوائرمنٹل پروٹیکشن فورس قائم کی گئی ہے جس کے ایک ہزار اہلکار جدید ٹیکنالوجی، تھرمل کیمروں، تھرمل ڈرونز اور 80 سے زائد اینٹی سموگ گنز سے لیس ہیں یہ فورس ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد، خلاف ورزیوں کی روک تھام اور آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائی میں مصروف ہے۔
کسانوں کو 60 فیصد سبسڈی پر 10 ہزار سے زائد سپر سیڈرز فراہم
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ 2024 سے اب تک پنجاب حکومت کسانوں کو 60 فیصد سبسڈی پر 10 ہزار 45 سپر سیڈرز فراہم کر چکی ہے۔ اس جدید مشینری کے ذریعے دھان سمیت دیگر فصلوں کی باقیات جلائے بغیر زمین میں گندم کی براہ راست کاشت ممکن بنائی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف فضائی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ کسانوں کو بھی جدید زرعی سہولیات میسر ہوں گیانہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے قانون سازی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ڈیجیٹل نگرانی، ادارہ جاتی اصلاحات اور عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے حکومت کا عزم ہے کہ پنجاب کے عوام کو صاف ہوا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جائے تاہم اس قومی مقصد کی کامیابی صرف حکومتی اقدامات سے ممکن نہیں، بلکہ شہریوں کو بھی گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال میں کمی، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی درستگی اور فصلوں کی باقیات و کوڑا کرکٹ جلانے سے اجتناب کرنا ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ صاف اور آلودگی سے پاک پنجاب کے قیام کے لیے حکومت کا ساتھ دیں کیونکہ ماحول کا تحفظ درحقیقت انسانی زندگی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کا تحفظ ہے۔








