Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

بابا گرو نانک کے 557ویں جنم دن کی تقریبات، بھارت سمیت دنیا بھر سے 30 ہزار سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد متوقع

لاہور ( آصف اقبال ) بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں پنجاب حکومت نے سکھ یاتریوں کے استقبال، سکیورٹی اور بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع انتظامات شروع کر دیے ہیں۔ تقریبات میں شرکت کے لیے 22 نومبر سے یکم دسمبر 2026 تک یاتری پنجاب کے مختلف مذہبی اور تاریخی مقامات کا دورہ کریں گے، جبکہ دنیا بھر اور پاکستان سے مجموعی طور پر 30 ہزار یاتریوں کی شرکت متوقع ہے۔ بھارت سے بھی 3 ہزار سکھ یاتری پاکستان آئیں گے۔اس سلسلے میں محکمہ داخلہ پنجاب میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی وزیر اور چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق اور صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کی۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ساجد چوہان سمیت مختلف سرکاری محکموں، سکیورٹی اداروں اور متعلقہ انتظامی حکام کے نمائندوں نے شرکت کی اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کے لیے آنے والے یاتری ننکانہ صاحب، فاروق آباد ضلع شیخوپورہ، حسن ابدال، کرتار پور نارووال اور لاہور سمیت مختلف مذہبی مقامات کا دورہ کریں گے صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق بابا گرو نانک صاحب کے جنم دن کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔ پاکستان کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر کرنے کا یہ ایک اہم موقع ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے یاتریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنے انتظامات بروقت مکمل کریں انہوں نے ہدایت کی کہ یاتریوں کے لیے ٹرانسپورٹیشن، طبی سہولیات، کھانے پینے اور رہائش سمیت تمام انتظامات مثالی بنائے جائیں۔ امیگریشن کے عمل کو تیز اور آسان بنانے کے لیے ایف آئی اے کو زیادہ سے زیادہ کاؤنٹرز قائم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تاکہ سرحدی اور داخلی مقامات پر یاتریوں کو غیر ضروری انتظار کا سامنا نہ کرنا پڑے۔صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ایسے شاندار انتظامات کیے جائیں کہ سکھ یاتری پاکستان سے واپسی پر ہمیشہ کی طرح پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی عزت اور وقار کا معاملہ ہے، اس لیے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے گوردواروں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے، قریبی ہسپتالوں میں اضافی بیڈز اور طبی عملے کی دستیابی، جبکہ گوردواروں کے اطراف سکھ مذہب کی روایات کے مطابق کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی اور ممنوعہ اشیاء کی فروخت روکنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ گوردواروں کے گردونواح کی خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کی ذمہ داری پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) ادا کرے گی اجلاس میں کمشنر لاہور، محکمہ داخلہ کے متعلقہ افسران، متروکہ وقف املاک بورڈ، ایف آئی اے، پاکستان کسٹمز، پاکستان رینجرز پنجاب، ایکسائز، ٹرانسپورٹ، ریسکیو، سوئی ناردرن، بجلی کی تقسیم کار کمپنی اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی، جبکہ سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور، ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز، ڈی پی اوز اور سکیورٹی اداروں کے حکام ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔پنجاب حکومت کی جانب سے بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کے موقع پر سکیورٹی، مذہبی احترام، مہمان نوازی اور سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button