ہوا سے پانی نکالنے والی سولر ڈیوائس ایجاد
ثول: سائنس دانوں نے شمسی توانائی سے چلنے والی ایک ڈیوائس ایجاد کی ہے جو ہر روز ہوا سے متعدد لیٹر پانی نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔سعودی عرب کی شاہ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والی محققین کی ٹیم کے مطابق یہ نئی ٹیکنالوجی خشک علاقوں میں رہنے والے افراد کو ایک آسانی فراہم کر سکتی ہے۔یہ سسٹم ایک دو مراحل پر مبنی سائیکل پر کام کرتا ہے جو پہلے ہوا سے پانی نکالتا ہے اور پھر سورج کی روشنی سے حاصل ہونے والی گرمائش کا استعمال کرتے ہوئے اس پانی کو ایک بند برتن میں جمع کر دیتا ہے۔دو مرحلوں کے نظام کو عام طور پر ایک سائیکل سے دوسرے سائیکل میں منتقل کرنے کے لئے کسی فرد کی ضرورت ہوتی ہے۔ تاہم، نئی ٹیکنالوجی کی بدولت ایک سائیکل سے دوسرے میں منتقلی خودبخود ہوجاتی ہے۔تحقیق کی رہنمائی کرنے والے کائیجے یینگ کا کہنا تھا کہ محققین کو یہ خیال قدرتی عمل کے مشاہدے سے آیا، بالخصوص اس بات سے کہ پودے کتنے مؤثر انداز میں جڑوں سے پتوں تک پانی منتقل کرتے ہیں۔یہ ٹیکنالوجی روزانہ دو سے تین لیٹر پانی فی مربعہ میٹر نکال سکتی ہیں، جس کو پینے یا کاشتکاری کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔