عوامی مقامات پر لگے چارجنگ اسٹیشنز سے ہوشیار رہیں
واشنگٹن: امریکا میں فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے صارفین کو عوامی مقامات پر فون چارجنگ اسٹیشنز استعمال کرنے سے خبردار کیا ہے جو کہ لوگوں کے اسمارٹ فونز کو خطرناک سافٹ ویئر منتقل کرنے کا سبب بنتے ہیں۔میڈیا نیوز کے مطابق ایف بی آئی نے ایک ایکس پر شیئر کی گئی اپنی پوسٹ میں کہا کہ شاپنگ مالز اور ایئرپورٹس پر پائے جانے والے پبلک یو ایس بی اسٹیشنز کو وائرس اور موبائل فونز میں مانیٹرنگ سافٹ ویئر پھیلانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔سیکورٹی ادارے نے ٹویٹ میں اپیل کی ہے کہ کہ اپنے ساتھ اپنا خود کا پاور بینک یا چارجر رکھیں اور پبلک چارجنگ اسٹیشنز استعمال کرنے کے بجائے خود کا الیکٹریکل آؤٹ لیٹ استعمال کریں۔اگرچہ عوامی مقامات پر موجود چارجنگ اسٹیشن بہت سے لوگوں کے لیے سہولت فراہم کرتے ہیں بالخصوص جب ڈیوائسز کی بیٹری انتہائی کم ہوگئی ہو تاہم سیکیورٹی ماہرین برسوں سے اس خطرے کے بارے میں خدشات کا اظہار کرتے آئے ہیں۔سیکیورٹی فرم Authentic8 کے ایک سابق ملازم ڈریو پیک نے بتایا کہ جب آپ اپنے فون کو پبلک چارجر ساکٹ میں صرف داخل ہی کرتے ہیں تو آپ کی ڈیوائس اسی وقت متاثر ہوجاتی ہے اور اس سے آپ کا تمام ڈیٹا حاصل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوامی مقامات پر آپ اپنے فون کو چارج کرنے کے لیے جس کیبل کا استعمال کرتے ہیں، اسے آپ کے فون سے دیگر ڈیوائسز پر ڈیٹا منتقل کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ ویسا ہی ہے جب آپ اپنے فون کو اپنے کمپیوٹر میں چارجنگ کیبل سے لگاتے ہیں اور اسکے بعد آپ اپنے فون سے اپنے کمپیوٹر پر تصاویر ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔