اوپن اے آئی کا لائف سائنسز ریسرچ کیلیے نیا اے آئی ماڈل متعارف

اوپن اے آئی نے لائف سائنسز کے شعبے میں مہارت کو وسعت دیتے ہوئے بائیالوجی سے متعلق علم اور سائنٹفک تحقیق کے فروغ کے لیے آرٹیفشل انٹیلیجینس (اے آئی) کا ایک نیا ماڈل جی پی ٹی-روزالینڈ متعارف کرادیا۔رپورٹ کے مطابق جی پی ٹی-روزالینڈ (GPT-Rosalind) بیسویں صدی کی برطانوی سائنس دان روزالینڈ فرینکلن کے نام پر رکھا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ یہ ماڈل بائیو کیمسٹری، ادویات کی دریافت اور بیماریوں کی تشخیص اور بہتر علاج کے شعبوں میں تحقیق کی مدد کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ ادویات کی دریافت اور تحقیق کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اے آئی سے چلنے والے ٹولز کی طلب فارماسیوٹیکل کمپنیوں، تعلیمی اداروں اور بائیوٹیک فرموں میں بڑھ گئی ہے۔اوپن اے آئی نے بلاگ میں بتایا کہ یہ ماڈل شواہد کے تجزیے، مفروضوں کی تشکیل، تجرباتی منصوبہ بندی اور دیگر مرحلہ وار تحقیقاتی کاموں میں معاونت فراہم کر کے تحقیق کاروں کو دریافت کے ابتدائی مراحل میں تیزی لانے میں مدد کے لیے تیار کیا گیا ہے۔بلاگ کے مطابق اس ماڈل کو استعمال کرنے والے محققین ڈیٹا بیسز سے معلومات حاصل کر سکیں گے، جدید سائنسی مقالے پڑھ سکیں گے ، دیگر سائنسی ٹولز کے استعمال کے ساتھ ساتھ نئے تجربوں کے لیے تجاویز دے سکیں گے کیونکہ یہ ماڈل اوپن اے آئی کے جدید ترین اندرونی ماڈلز کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔



