صدیوں تک توانائی دینے والی نئی بیٹری کا خیال پیش

جنوبی کوریا کے محققین نے نیوکلیئر بیٹری کا ایک نیا خیال پیش کیا ہے جو ڈیوائسز کو ری چارجنگ کیے بغیر صدیوں تک توانائی فراہم کر سکتی ہے۔ڈائیگو گائیونگبک انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سائنس دانوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے اس خیال کے مطابق اس ٹیکنالوجی کا مقصد لیتھیئم آئن بیٹریوں کی جگہ لینا ہے جو وقت کے ساتھ خراب ہوجاتی ہیں اور ان کو ری چارجنگ کی ضرورت ہوتی ہے۔یہ نئی بیٹری بیٹا وولٹائکس کے اصول پر مبنی ہے جس کے مطابق بِیٹا تابکاری کی توانائی کو بجلی میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ اس مقصد کے لیے سائنس دان ریڈیو کاربن (کاربن-14) نامی کاربن کے ریڈیو ایکٹیو آئیسوٹوپ کو استعمال کرتے ہیں جو صرف بِیٹا ذرات خارج کرتا ہے۔ریڈیو کاربن نیوکلیئر ری ایکشنز کا ایک فضلا ہوتا ہے اور اپنے کم قیمت، دستیابی اور دوبارہ استعمال کیے جانے کی وجہ سے ماحول دوست متبادل ہوسکتا ہے۔اس کا دیر سے خراب ہونا بیٹری لائف کو کافی عرصے تک بڑھا سکتا ہے۔ ایک اعتبار سے یہ ہزاروں برس تک فعال رہنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔