الحمرا میں چائنیز فلم ایگزیبیشن ’’وار فار پیس‘‘ کا آغاز

الحمرا آرٹس کونسل کے تعاون سے چائنیز فلم ایگزیبیشن’’وار فار پیس‘‘ کا آغاز ہوگیا ہے، جو تین روز تک جاری رہے گی۔اس ایگزیبیشن میں چین کی دس تاریخی اور ثقافتی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہیں، جن میں چینی فلمThe Hundred Regiments Offensive کی خصوصی اسکریننگ بھی شامل ہے۔ایگزیبیشن کی افتتاحی تقریب میں چین کے قونصل جنرل کاؤ کی، پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات و ثقافت طاہر رضا ہمدانی، چیئرمین الحمرا رضی احمد، اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا محبوب عالم چوہدری سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز دونوں ممالک کے قومی ترانوں سے کیا گیا۔قونصل جنرل کاؤ کی نے اپنے خطاب میں الحمرا آرٹس کونسل اور اس کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ سیکرٹری اطلاعات و ثقافت طاہر رضا ہمدانی نے پاکستان اور چین کے درمیان دہائیوں پر محیط مضبوط تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔چیئرمین الحمرا رضی احمد نے کہا کہ یہ فلم ایگزیبیشن پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی روابط کو فروغ دینے کی عملی مثال ہے، جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر محبوب عالم چوہدری نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ الحمرا آرٹس کونسل خوشی سے اس ثقافتی ہم آہنگی کا مرکز بن رہی ہے۔افتتاحی تقریب سے قبل ایک تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی، جس میں چین کی تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کرتی تصاویر دکھائی گئیں۔لاہور کے فلم بینوں اور چین سے محبت رکھنے والے شہریوں نے اس ایگزیبیشن کو سراہا اور چینی سینما کی فلموں کی نمائش کو خوش آئند قرار دیا۔