سابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان 89 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان 89 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کرگئے۔اہل خانہ نے مرحوم کے انتقال کی تصدیق کردی۔مرحوم شہریار خان ہفتے کی صبح طبعیت خراب ہونے پرخالق حقیقی سے جاملے، مرحوم کی عمر 89 برس تھی، پسماندگان میں بیوہ اور چار بچے شامل ہیں۔مرحوم کی میت بذریعہ ایئر ایمبولینس کراچی لائی جائے گی اور نماز جنازہ کراچی میں ادا کی جائے گی۔واضح رہے کہ شہریار خان پاکستان کے کامیاب سفارت کاروں میں شامل رہے، جنہوں نے 1957 میں پاکستان فارن سروس میں شمولیت اختیار کی اور انگلینڈ، اردن اور فرانس میں فرائض سرانجام دیے۔1990 میں وہ پاکستان کے سیکریٹری خارجہ بھی تعینات ہوئے اور 1994 میں اپنی ریٹائرمنٹ تک برقرار رہے تھے۔سبکدوش چیئرمین شہریار خان اگست 1999 میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ منسلک ہوئے، اور وہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر بھی رہے۔