افغانستان کی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کے نئے کپتان کا اعلان

کابل: رحمت شاہ افغانستان کی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کے نئے کپتان مقرر کردیا ہے۔افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے سینئر مڈل آرڈر بلے باز رحمت شاہ کو قومی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیموں کا نیا کپتان مقرر کر دیا ہے، جبکہ وکٹ کیپر بلے باز رحمان اللہ گرباز کو دونوں فارمیٹس کا نائب کپتان بنایا گیا ہے۔افغان کرکٹ بورڈ کے مطابق رحمت شاہ کو حشمت اللہ شاہدی کے کپتانی سے دستبردار ہونے کے بعد یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔حشمت اللہ شاہدی نے 55 ون ڈے میچز میں افغانستان ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیے تھے۔ دوسری جانب رحمت شاہ 2021ء سے حشمت اللہ شاہدی کے ساتھ بطور نائب کپتان خدمات انجام دے رہے تھے۔کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بطور کپتان رحمت شاہ کی پہلی اسائنمنٹ آئرلینڈ کے خلاف آنے والی سیریز ہوگی۔واضح رہے کہ 32 سالہ رحمت شاہ نے 2013ء میں بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کیا تھا اور انہیں وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ اب تک افغانستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 128 ون ڈے اور 12 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں۔



