آئی سی سی نے جون 2025 کیلئے پلیئر آف دی منتھ کا اعلان کردیا

آئی سی سی نے جون 2025 کیلئے پلیئر آف دی منتھ کا اعلان کردیا۔جنوبی افریقا کے آل راؤنڈر ایڈن مارکرم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں شاندار کارکردگی کی بدولت پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہے۔ایڈن مارکرم نے نہ صرف بلے بازی میں بلکہ گیند بازی میں بھی اہم کردار نبھایا۔ انہوں نے اپنے آف اسپن سے اسٹیو اسمتھ کی قیمتی وکٹ حاصل کی اور بعد میں جوش ہیزل ووڈ کو بھی آؤٹ کیا۔مارکرم کی دوسری اننگز میں 136 رنز کی شاندار اننگز نے میچ کا رخ بدل دیا، جب جنوبی افریقہ نے 282 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 5 وکٹوں سے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ جنوبی افریقا 27 سال بعد کوئی بھی آئی سی سی ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوا۔یاد رہے کہ جون 2025 کے پلیئر آف دی منتھ کیلئے جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم اور کگیسو ربادا کے ساتھ سری لنکا کے پاتھم نسانکا کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا، ووٹنگ کے بعد کامیاب ایڈن مارکرم کو پلیئر آف دی منتھ قرار دیا گیا۔خواتین کی کیٹیگری میں ویسٹ انڈیز کی کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر ہیلی میتھیوز کو جون 2025 کے لیے آئی سی سی ویمنز پلیئر آف دی منتھ کے اعزاز سے نوازا گیا۔میتھیوز نے یہ ایوارڈ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر حاصل کیا، جہاں وہ سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں اور ویسٹ انڈیز کو 1-2 سے فتح دلانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔تین میچوں پر مشتمل سیریز میں انہوں نے 147 رنز اسکور کیے، ان کا اسٹرائیک ریٹ 120.49 اور اوسط 73.50 رہی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنی آف اسپن بولنگ سے دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔