سیف علی خان پر حملے کا ملزم چھتیس گڑھ میں گرفتار، ابتدائی بیان بھی دے دیا
بالی ووڈ ہیرو سیف علی خان پر چاقو حملے کے دو دن بعد ایک ملزم کو بھارتی ریاست چھتیش گڑھ میں گرفتار کرلیا گیا، جس کو ممبئی پولیس اپنی تحویل میں لے گی۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ملزم کی شناخت 31 سالہ آکاش کیلاش کنوجیا کے نام سے ہوئی ہے اور انہیں ڈورگ ریلوے اسٹیشن میں گرفتار کرلیا گیا ہے تاہم ممبئی پولیس اس کی تصدیق کرے گی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف کے عہدیداروں نے دعویٰ کیا کہ ملزم کو ممبئی پولیس کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر ممبئی-ہوارا جنینسواری ایکسپریس سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزم بغیر ٹکٹ کے سفر کر رہا تھا اور اس وقت گرفتار کیا گیا جب ریل ڈورگ اسٹیشن پہنچی تھی اور ملزم جنرل کمپارٹمنٹ میں بیٹھا ہوا تھا تاہم انہیں فوری طور پر وہاں سے اتار کرحراست میں لے لیا گیا اور ملزم سے تفتیش کی جا رہی ہے۔آر پی ایف نے بتایا کہ ممبئی پولیس نے ملزم کی تصویر، ریل کا نمبر اور مقام کی تفصیلات بھیج دی تھیں، جس کے بعد اس کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس وقت آر پی ایف کی حراست میں ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ ممبئی پولیس کو ویڈیو کال کے ذریعے ملزم سے بات کرائی گئی اور ایک ٹیم بھی روانہ ہوگئی ہے جو ملزم کی شناخت کی تصدیق کرے گی۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے پہلے بتایا کہ وہ ناگپور جا رہا تھا پھر کہا کہ وہ بیلاسپور جا رہا تھا۔خیال رہے کہ سیف علی خان کو چاقو کے 6 وار کیے گئے تھے، جس سے ان کی گردن اور ریڑھ کی ہڈی کے قریب زخم آئے تھے، جس کے بعد انہیں لیلاوتی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے اور 5 گھنٹے طویل آپریشن کے دوران زخم سے تیزدھار آلے کا ایک ٹکڑا بھی نکال لیا گیا تھا۔