نامور پنجابی گلوکار اے پی ڈھلون نے بالی ووڈ میں کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی

بھارتی نژاد کینیڈین گلوکار امرت پال سنگھ ڈھلون المعروف اے پی ڈھلون نے بالی ووڈ میوزک انڈسٹری کے ساتھ کام نا کرنے کی وجہ بتا دی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گلوکار اے پی ڈھلون نے بالی ووڈ کی جانب سے گانوں کی پیشکشوں کو ٹھکرانے کا انکشاف کیا اور کہا کہ بالی ووڈ میں اپنے فائدے کے لیے فنکاروں کا استحصال کیا جاتا ہے۔ ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا میں آپ کو بتاؤں گا کہ میں نے ابھی تک کوئی بالی ووڈ گانا کیوں نہیں کیا، اس کی وجہ یہ ہے کہ میں اپنے لوگوں کا خیال رکھتا ہوں اور یہ بالی ووڈ کے بارے میں نہیں ہے بلکہ یہ اپنی کمیونٹی کے لیے ایک مثال قائم کرنے کے لیے ہے۔ اے پی ڈھلون نے کہا کہ جب کوئی پنجابی فنکار بالی ووڈ فلم کو گانا دیتا ہے تو گانے کے ٹریک، ریمکس اور دیگر سارے حقوق پروڈیوسر لے لیتا ہے اور پروڈیوسرز گانوں کی مکمل ملکیت چاہتے ہیں جس سے فنکاروں کی خودمختاری ختم ہو جاتی ہے۔ڈھلون نے کہا کہ میں نے اُن سے کہا کہ مجھے بالی ووڈ کے لیے گانا گاکر خوشی ہوگی لیکن انہیں سب سے پہلے اپنے کاروبار کا طریقہ بدلنا ہوگا تاکہ گلوکاروں کا استحصال نہ ہو۔