مشہور سیریل سی آئی ڈی کے کردار اے سی پی پرادیومن کی موت کا اعلان، مداحوں میں غم و غصہ

سونی ٹی وی اپنی مشہور کرائم سیریز "سی آئی ڈی” کے کردار اے سی پی پرادیومن کی موت کا ڈرامائی اور گمراہ کن اعلان کرنے پر تنقید کی زد میں آگیا۔چینل کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی جس میں لکھا تھا: اے سی پی پرادیومن کی یاد میں… ایک ایسا نقصان جو کبھی نہیں بھلایا جا سکے گا۔ساتھ ہی ایک گرافک بھی شیئر کیا گیا جس پر لکھا تھا: ایک دور کا اختتام، اے سی پی پرادیومن (1998-2025)اس اعلان کو ابتدا میں اداکار شیواجی ستم (Shivaji Satam) کی حقیقی موت سمجھا گیا، جنہوں نے دہائیوں تک اے سی پی پرادیومن کا کردار نبھایا۔ مداحوں میں فوری طور پر گھبراہٹ اور غم کی لہر دوڑ گئی تاہم جلد ہی یہ واضح ہوا کہ یہ اعلان محض ایک مارکیٹنگ اسٹنٹ تھا جو "سی آئی ڈی 2کے آنے والے سیزن کی تشہیر کے لیے کیا گیا تھا۔اس کے بعد سوشل میڈیا پر سخت ردعمل دیکھنے میں آیا۔ صارفین نے اس پوسٹ کو شرمناک قرار دیتے ہوئے سونی ٹی وی کو آڑے ہاتھوں لیا۔ کئی صارفین نے تبصرہ کیا کہ "یہ مارکیٹنگ نہیں بلکہ دھوکہ ہے” اور کم از کم ایک واضح ڈسکلیمر (وضاحت) ہونا چاہیے تھی۔دریں اثنا شیواجی ستم کا کہنا ہے کہ انہوں نے تھوڑے وقت کے لیے بریک لیا ہے تاہم انہیں یہ نہیں بتایا گیا کہ کیا انکا کردار مستقل طور پر ختم کیا جا رہا ہے یا نہیں۔