بھارتی گلوکار بادشاہ کے خلاف مقدمہ درج، معاملہ کیا ہے؟

بھارتی ریپر اور گلوکار بادشاہ ایک نئے تنازع میں گھر گئے ہیں اور ان کے خلاف باضابطہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں ریلیز ہونے والے ان کے ہریانوی فوک گانے نے مقامی سطح پر شدید ردعمل کو جنم دیا ہے۔رپورٹس کے مطابق 40 سالہ گلوکار نے حال ہی میں ہریانوی فوک گانا ’’تیتری‘‘ جاری کیا تھا، جس کے بعد اس کے مواد پر اعتراضات سامنے آنے لگے۔ اس معاملے پر پنچکلا کے سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں مقامی شہریوں کی جانب سے ایف آئی آر درج کروائی گئی ہے۔ شکایت کنندگان کا مؤقف ہے کہ گانے کا مواد معاشرے پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔درخواست گزاروں کی جانب سے دائر کی گئی شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ گانے کے بول اور اس کی میوزک ویڈیو میں مبینہ طور پر فحش مواد، نامناسب زبان اور اسکول یونیفارم میں لڑکیوں کے مناظر شامل کیے گئے ہیں، جو معاشرتی اقدار کے خلاف ہیں۔



