جاپان کی شہزادی یوریکو 101 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں
جاپان کے شاہی خاندان کی سب سے بڑی رکن شہزادی یوریکو 101 برس کی عمر میں فانی دنیا کو خیر باد کہہ گئیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جاپان کی شہزادی یوریکو شاہی خاندان کی سب سے پرانی رکن تھیں جن کے انتقال کا اعلان امپیریل ہاؤس ہولڈ ایجنسی کی جانب سے کیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ یوریکو کا انتقال 15 نومبر کو جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے ایک اسپتال میں ہوا تاہم موت کی وجہ کیا بنی اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔یوریکو 1923 میں پیدا ہوئی تھیں جبکہ 18برس کی عمر میں ان کی شادی شہزادہ میکاسا سے ہوئی جو ہیروہیٹو کے چھوٹے بھائی اور جاپان کے موجودہ شہنشاہ ناروہیٹو کے چچا لگتے ہیں۔یوریکو کے شوہر شہزادہ میکاسا کا انتقال 2016 میں ہوا تھا جبکہ شہزادی کے انتقال کے بعد جاپان کے شاہی خاندان کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔امپیریل ہاؤس ہولڈ ایجنسی کے مطابق شہزادی یوریکو کو فالج کا اٹیک ہوا تھا جبکہ مارچ کے ماہ میں انہیں نمونیا کی شکایت بھی ہوئی تھی۔