جوبائیڈن کی ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد، وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی دعوت
واشنگٹن :امریکی صدر جوبائیڈن نے دوسری بار صدر منتخب ہونے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دیتے ہوئے وائٹ ہاؤس آنےکی دعوت دے دی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کرکے صدارتی انتخابات میں جیت پر مبارک باد دی۔ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق جوبائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران اقتدار کی منتقلی کویقینی بنانے کا عہد کیا اور نو منتخب صدر کو وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت دی۔جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے ڈیموکریٹ امیدوار و نائب صدر کملا ہیرس سے ملاقات کی اور ملک کو اکٹھا کرنے کیلئے کام کرنے پر زور دیا۔امریکی صدر نے 4 سال قبل وائٹ ہاؤس سے جانے والے شخص کو اوول آفس میں ملاقات کے لیے بلایا ہے تاکہ انہیں آفس کی چاپیاں دوبارہ دینے کی تیاری کی جاسکے۔ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر اسٹیون چیونگ نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے جو بائیڈن کے اقدام کو سراہا ہے اور وہ جلد ہونے والی اس ملاقات کے منتظر ہیں۔وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ بائیڈن کے چیف آف سٹاف نے صدارتی منتقلی کو منظم طریقے سے شروع کرنے کے لیے ٹرمپ کی ٹیم پر ضروری وفاقی معاہدوں پر دستخط کرنے پر زور دیا۔دوسری جانب ڈیموکریٹ امیدواراور نائب صدر کملا ہیرس نے صدارتی الیکشن میں نتائج قبول کرتے ہوئے شکست تسلیم کرلی ہے۔